دہلی پولیس نے نماز جمعہ کے پیش نظر ’درگاہ فیض الہی مسجد‘ اور ’بڑی مسجد ترکمان گیٹ‘ کے ارد گرد سخت سکیورٹی انتظامات نافظ کر دیے تھے۔ فیض الہی مسجد کے قریب لوگوں کے اجتماع پر مکمل پابندی عائد رہی۔ مسجد فیض الہی، بڑی مسجد ترکمان گیٹ اور دہلی حج کمیٹی کے اردگرد کی دکانیں گزشتہ تین دنوں سے بند ہیں۔
مقامی کونسلر محمد عمران جودھری نے یو این آئی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اجتماعی طور پر درگاہ فیض الہی مسجد اور بڑی مسجد ترکمان گیٹ میں نماز ادا نہیں کی گئی، البتہ مسجد انتظامیہ اور کچھ لوگوں نے نماز ادا کی۔
مقامی باشندے شفیع دہلوی نے بتایاکہ دونوں مساجد میں عوامی طور پر نماز ادا نہیں کی گئی، صرف مسجد منتظمین نے نماز ادا کی۔ فیض الہی مسجد میں بجلی اور پانی سپلائی بھی متاثر ہے۔ جسکی وجہ سے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی باشندے حاجی ریاض الدین نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ آج مسجد فیض الہی اور بڑی مسجد ترکمان گیٹ میں نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی، پورے علاقے میں دہلی پولیس تعینات ہے۔ کملا مارکیٹ ایس ایچ او نے بتایا کہ تقریباً تیس لوگوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ واضح رہے گزشتہ منگل اور بدھ کی شب مقامی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات منہدم کر دی گئی تھیں اور اس کا ملبہ بھی تقریباً ہٹا دیا گیا ہے۔
