تہران، 8 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزارت خارجہ نے صہیونی وزیرخارجہ کے صومالی لینڈ کے دورے کو صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اسرائیلی وزیر خارجہ کے غیر قانونی دورہ صومالی لینڈ کی مذمت کرتے ہوئے اسے صومالیہ کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری بارہا اس بات پر زور دیتی رہی ہے کہ صومالیہ ایک آزاد ریاست اور اقوام متحدہ کا رکن ہے، لہذا اس کی علاقائی سالمیت کا احترام ضروری ہے۔
انہوں نے اسرائیلی اقدام کو صومالیہ کو تقسیم کرنے کی کوشش اور بین الاقوامی تعلقات میں خطرناک بدعت قرار دیا، جو اقوام متحدہ کے قانونی و اصولی ڈھانچے پر کاری ضرب ہے۔
بقائی نے زور دیا کہ اسلامی اور افریقی ممالک سمیت عالمی برادری کو مل کر صومالیہ کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو روکنا چاہیے۔
