Masarrat
Masarrat Urdu

صہیونی حکومت الٹی ہجرت کو روکنے کے لیے بیرون ملک یہودیوں کو نشانہ بنارہی ہے، جنرل موسوی

Thumb

تہران، 22 دسمبر (مسرت ڈاٹ کام) جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے امام حسینؑ کیڈٹ کالج میں آؤٹ پاسنگ کی تقریب کے موقع پر کہا کہ صہیونی حکومت اندرونی انتشار سے نگاہیں ہٹانے اور الٹی ہجرت کو روکنے کے لیے بیرون ملک یہودیوں اور حامیوں پر حملے کر رہی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے چیف آف اسٹاف جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت شدید اندرونی انتشار اور نام نہاد ریورس مائیگریشن کے خوف میں مبتلا ہوچکی ہے، اسی لیے وہ اپنی بقا کی خاطر بیرون ملک یہودیوں اور اپنے حامی عناصر کے خلاف بھی کارروائیوں اور دہشت گردانہ اقدامات پر اتر آئی ہے، جو درحقیقت خودزنی کے مترادف ہے۔

تفصیلات کے مطابق امام حسینؑ کیڈٹ کالج میں طلباء کی آؤٹ پاسنگ کی پروقار تقریب ہوئی جس میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل محمد پاکپور، اعلی فوجی افسران، اساتذہ اور شہداء کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر جنرل موسوی نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب دراصل امام خمینیؒ کے افکار، رہبر معظم اور شہداء کے خون سے تجدیدعہد ہے، جو ایک ایسی نئی نسل کی آمد کا اعلان ہے جو شعوری طور پر انقلاب کی حفاظت کے لیے خود کو وقف کرچکی ہے۔

انہوں نے خطے کی بدلتی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کی بوکھلاہٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ مزاحمتی محاذ مضبوط ہے اور صہیونی حکومت اپنی داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے خطرناک راستے اختیار کر رہی ہے، مگر یہ حربے اسے زوال سے نہیں بچا سکیں گے۔

جنرل موسوی نے صہیونی حکومت کی نئی حکمت عملی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چند دنوں میں آپ نے دیکھا کہ یہ حکومت خود کو نقصان پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اندرونی انتشار سے بچنے، معکوس ہجرت کو روکنے اور یہودی مخالف تاثر پیدا کرنے کے لیے بیرون ملک یہودیوں اور اپنے حامیوں کو نشانہ بنایا تاکہ مظلومیت کا تاثر دے سکیں۔ یہ پہلا موقع نہیں، بلکہ پہلے بھی کئی بار ایسے جرائم سرزد ہوچکے ہیں۔

Ads