دبئی میں آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا، جس کے باعث اسے 27-27 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بولرز نے درست ثابت کر دکھایا۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 26.3 اوورز میں محض 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بنگلہ دیش کے 8 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ سمیع النبصیر 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حذیفہ احسان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے بالترتیب 4 اور 2 کھلاریوں کو آؤٹ کیا۔ علی رضا، محمد صیام اور احمد حسین نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
121 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات اچھی نہ تھی اور پہلے ہی اوور میں حمزہ ظہور بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے۔ تاہم اس کے بعد سمیر منہاس اور عثمان خان (27) نے بنگلہ دیشی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور دوسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کی۔
سمیر منہاس نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 57 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 69 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ احمد حسین 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف محض 16.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
