Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان اور نیدرلینڈ کے درمیان سیمی کنڈکٹر اور قابلِ تجدید توانائی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

Thumb

نئی دہلی، 19 دسمبر (مسرت ڈاٹ کام) ہندوستان اور نیدرلینڈ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور سیمی کنڈکٹر، باصلاحیت افرادی قوت کے تبادلے اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر غور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے جمعہ کو یہاں نیدرلینڈ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ وین ویل کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور نئے شعبوں میں شراکت داری پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ بعد ازاں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ڈاکٹر جے شنکر نے بتایا کہ انہوں نے تجارت، دفاع، جہاز رانی، پانی، زراعت، صحت اور ثقافت سمیت دیگر امور پر مفید بات چیت کی۔ انہوں نے ہند-یورپی یونین تعلقات کو مضبوط بنانے اور آزادانہ تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کی تکمیل کے لیے نیدرلینڈ کی حمایت کو بھی سراہا۔

وزارتِ خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران ہندوستان-نیدرلینڈ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور حالیہ برسوں میں شراکت داری میں ہونے والی نمایاں پیش رفت پر غور کیا۔ انہوں نے تعلقات کے تزویراتی پہلو کو مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان آئندہ فروری میں ’اے آئی امپیکٹ سمٹ‘ کے لیے نیدرلینڈ کے وزیر اعظم ڈک شوف کے دورۂ ہند کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہے۔

دونوں وزراء نے دوطرفہ شراکت داری کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے نئے شعبوں مثلاً سیمی کنڈکٹر، دفاع، ڈیجیٹل، اے آئی، قابلِ تجدید توانائی، گرین ہائیڈروجن، تعلیم اور نقل و حرکت کے شعبوں میں وسعت دینے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا، تاکہ اسے مزید تزویراتی سمت دی جا سکے۔ اس تناظر میں انہوں نے رواں سال ہونے والے مختلف مفاہمت ناموں اور معاہدوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے سیمی کنڈکٹر اور متعلقہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر شراکت داری سے متعلق مفاہمت نامے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل اور سائبر اسپیس کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے مشترکہ اعلامیہ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، جس سے دونوں فریق ابھرتے ہوئے چیلنجز کے مقابلے میں ڈیجیٹل شعبے میں سکیورٹی تعاون کو مضبوط کر سکیں گے۔

انہوں نے تجارت اور اقتصادی تعلقات کو ہندوستان-نیدرلینڈ شراکت داری کے اہم ستونوں میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ تجارت اور سرمایہ کاری کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ تعاون کو گہرا کرنے، تجارت میں سہولت سے متعلق مسائل حل کرنے اور دوطرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ہندوستان اور نیدرلینڈ کی بھرپور بحری تاریخ کو یاد کرتے ہوئے، وزراء نے گجرات کے لوتھل میں ’قومی سمندری ورثہ کمپلیکس‘ کی ترقی کے لیے مفاہمت نامے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے سمندری اور جہاز رانی کے شعبوں میں خاص طور پر گرین شپنگ، بندرگاہوں کی ترقی اور جہاز سازی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

دونوں وزراء نے ’پانی، زراعت اور صحت (ڈبلیو اے ایچ) ایجنڈے کے تحت نتائج کو مستحکم کرنے اور مزید بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس سلسلے میں، انہوں نے دوا سازی اور طبی آلات سے متعلق شعبے میں تعاون سے متعلق نئے معاہدے کا خیرمقدم کیا۔

فریقین نے ہند-بحرالکاہل ، یوکرین، جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کی اہم پیش رفتوں سمیت مشترکہ مفاد کے دیگر علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی۔ مسٹر ویل نے دہلی میں حال ہی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے متاثرین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ فریقین نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی اور جامع طریقے سے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ہندوستان نے دہشت گردی کو قطعی برداشت نہ کرنے کی اپنی پالیسی کا اعادہ کیا۔

ہندوستان کے دورے پر آئے ہوئے جناب ویل نے اس سے قبل وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال کے ساتھ بھی ملاقاتیں کی تھیں۔

 

Ads