Masarrat
Masarrat Urdu

پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم نے چوتھے ٹی 20 کرکٹ میچ میں بنگلہ دیش ویمنزکو ہرایا

Thumb

کاکسز بازار،10 دسمبر(مسرت ڈاٹ کام ) پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم نے چوتھے ٹی 20 میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان بنگلہ دیش انڈر 19 کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔ پی سی بی کے مطابق بدھ کو کاکسز بازار اکیڈمی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ اچینا جنتا 35، میمونہ نہار 24 اور سمعیہ اختر 20 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے روزینہ اکرم اور میمونہ خالد نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 18.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان حاصل کر لیا۔ اوپنر فضا فیاض نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 52 رنز سکور کیے جن میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ کپتان ایمان نصیر نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کومل خان نے 22 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے جرین تسنیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فضا فیاض کو شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور فیصلہ کن میچ 12 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

 

Ads