نئی دہلی، 21 اکتوبر (مسرت نیوز) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی نیشنل مہیلا کانگریس کی دہلی اکائی کی صدر ارجمن بانو نے صدر جمہوریہ، وزیر اعظم سمیت وزیر تعلیم کو خط لکھ کر سنٹرل اسکول میں پڑھنے والے اقتصادی طور پر کمزور بچوں کی فیس معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کووڈ کے دورمیں جب لوگوں کی نوکریاں چلی گئی ہیں، کاروبار ٹھپ ہوگئے ہیں، لوگوں کے کھانے پینے کے لالے پڑ رہے ہیں، ایسی صورت حال میں وہ بچوں کے اسکول کی فیس کیسے ادا کرپائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سنٹرل اسکول میں صرف سرکاری ملازمین کے بچے ہی نہیں پڑھتے بلکہ دوسرے بچے بھی پڑھتے ہیں،جنہیں فیس کی ادائیگی بھاری پڑ رہی ہے۔
محترمہ ارجمن بانو نے اپنے خط میں وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک کو لکھا ہے کہ چوں کہ یہ معاملہ بے حد حقیقت پر مبنی ہے اور کووڈ۔19کو دھیان میں رکھتے ہوئے آپ سے یہ گزارش ہے کہ سنٹرل اسکول میں بچوں کی فیس معاف کرنے کے سلسلے میں اپنی سطحً سے فوری کاررورائی کرنے کی تکلیف گوارہ کریں، جس سے بچوں کے والدین کو کچھ راحت مل سکے۔
مسٹر نشک کے علاوہ محترمہ ارجمن بانو نے اس کی کاپی صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، پارٹی کے صدر شرد پوار، رکن پارلیمنٹ پرفل پٹیل، محترمہ فوزیہ خاں، مسٹرٹی پی پتھامبرن، قومی جنرل سکریٹری محترمہ ندھی پانڈے کمشنر سنٹرل اسکول کو بھی بھیجی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پارٹی کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے کو خط لکھ کر اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کے ساتھ دیگر پلیٹ فارم پر اٹھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ انتہائی اہم ہے اور اس پر توجہ دئے جانے کی سخت ضرورت ہے۔ اگر ان بچوں کی فیس معاف نہیں ہوئی تو ان میں سے بہت سے بچے تعلیم سے محروم ہوسکتے ہیں۔