Masarrat
Masarrat Urdu

آبنائے ہرمز اسٹریٹیجک زون، سیکورٹی خطرے میں پڑے تو بھرپور جواب دیں گے، جنرل فدوی

  • 04 Dec 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 4 دسمبر (مسرت ڈاٹ کام) سپاہ پاسداران انقلاب کے اعلی کمانڈر نے انتباہ کیا ہے کہ ملک کی سیکورٹی کو دشمن کی جانب سے خطرہ لاحق ہونے کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ بریگیڈیئر جنرل علی فدوی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر آج بھی دنیا کی سب سے اہم اسٹریٹجک گزرگاہ ہے اور کوئی ملک اس کی حیثیت سے انکار نہیں کرسکتا۔

تفصیلات کے مطابق، ہرمزگان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اس اہم توانائی راہداری کی حفاظت میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہا ہے۔

جنرل فدوی کے مطابق آبنائے ہرمز سے روزانہ 20 ملین بیرل خام تیل گزرتا ہے، اور آئندہ برسوں میں عالمی توانائی کی ضرورت مزید بڑھنے سے اس گزرگاہ کی اسٹریٹجک اہمیت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور قطر دنیا کے بالترتیب دوسرے اور تیسرے بڑے گیس ذخائر رکھتے ہیں، جس سے خطے کی جغرافیائی اور اقتصادی اہمیت مزید ابھر کر سامنے آتی ہے۔

جنرل فدوی نے کہا کہ ہرمزگان جغرافیائی لحاظ سے سپاہ پاسداران انقلاب کی زمینی، فضائی اور بحری سرگرمیوں کا کلیدی مرکز ہے، اور اس صوبے میں گارڈز کے یونٹس نہ صرف آپریشنل ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں بلکہ براہ راست عوامی خدمات میں بھی مصروف ہیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ پاسداران انقلاب ترقیاتی منصوبوں جیسے پانی کی فراہمی، زرعی منصوبے، تعمیرات، آبی گزرگاہوں کا انتظام اور قدیم آبی ذخائر کی بحالی میں پہلے سے زیادہ سرگرم ہیں۔ ان پروگراموں کی رفتار حالیہ برسوں میں دوگنی ہوئی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا اور دیگر دشمن قوتیں خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایران نے ہمیشہ خلیج فارس میں امن و استحکام کو ترجیح دی ہے۔ اگر دشمن نے ایران کی سلامتی کو چیلنج کرنے کی کوشش کی تو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔

Ads