انہوں نے ایک دردمندانہ اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ وقف املاک کو حکومت ہند کے ’امید پورٹل‘ پر اپلوڈ کرنے کی مدت بہت کم رہ گئی ہے۔
حالانکہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ہرسطح سے 5 دسمبر 2025 کی آخری تاریخ کو بڑھوانے کے لئے ہرممکن کوشش کررہا ہے، اگر اس آخری تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی ہے تو اب صرف ایک ہفتہ کا ہی وقت رہ گیا ہے اور اوقافی جائیداد کا امید پورٹل پر اندراج بہت کم ہوا ہے۔ اس لئے ضرورت ہے کہ تمام مسلمانان ہند اس پر فوری توجہ دیں۔
جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے تمام مسلمانوں سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ جلداز جلد اوقافی جائیداد کو امید پورٹل پر رجسٹرڈ کرانے کی فکر کریں اور اس سلسلہ میں ہرکام کو چھوڑ کر اور بڑھ چڑھ کر دلچسپی لیتے ہوئے اس میں حصہ لیں اور اس کارخیر میں اپنا بھرپور تعاون پیش کرتے ہوئے وقف املاک کو امید پورٹل پر رجسٹرڈ کرائیں اور ضلع/بلاک اور پنچایت سطح پر باقاعدہ اس کام کو انجام دلانے کا اہتمام کرایا جائے، تبھی ہم اپنے اسلاف کے ذریعہ وقف کی ہوئی جائیدادوں کی حفاظت کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یاد رکھئے! اگر ہم نے اس کی اہمیت کو محسوس نہ کیا تو ہمیں بڑا خسارہ ہوگا۔ اس لئے ضرورت ہے کہ ہم سب ترجیحی بنیاد پر اس کام کو کریں اور دعاؤں کا بھی اہتمام کریں کہ اللہ رب العزت ہمیں وقف املاک کو بچانے اور اس کی حفاظت کے لئے ہمت و حوصلہ دے اور اس اوقافی جائیداد پر بُری نظر رکھنے والوں کو اپنے مقصد میں ناکام کرے۔
