نئی دہلی، 27 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعرات کو کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں پر بیرون ملک واقع سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ہندستان مخالف بیانات دینے اور ملک مخالف ماحول پیدا کرنے کا الزام لگایا۔
بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے جمعرات کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی بالخصوص کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور ان کی ٹیم بائیں بازو کی جماعتوں کے نمایاں چہرے تقریبا 2014 سے وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندوستان کی توہین کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اس کے لیے غیر ملکی قوتوں کی مدد لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق ملک مخالف بیانات اور بی جے پی حکومت کے خلاف بیان بازی بیرون ملک سے چلائے جانے والے اکاؤنٹس کے ذریعے کی جارہی ہے تاکہ ملک میں حکومت مخالف ماحول پیدا کیا جاسکے۔
مسٹر پاترا نے بتایا کہ سوشل میڈیا ایکس پر کچھ دن پہلے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جس کےئ ذریعہ آپ جان سکتے ہیں کہ جن کا اکاؤنٹ ہے وہ کس ملک سے اسے آپریٹ کررہے ہیں یا پھر ان کی لوکیشن کیا ہے۔ مسٹر پاترا نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا کا اکاؤنٹ امریکہ میں ہے۔ مہاراشٹر کانگریس کا اکاؤنٹ اصل میں آئرلینڈ پر مبنی ہے، لیکن اب اسے تبدیل کر کے انڈیا کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، ہماچل پردیش کانگریس کا اکاؤنٹ تھائی لینڈ کے ایک اینڈرائیڈ ایپ سے منسلک ہے۔
