اسلام آباد، 27 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی قومی اعلی سیکیورٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران صرف حقیقی مذاکرات کو قبول کرتا ہے اور پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر کوئی محدودیت نہیں۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے اعلیٰ سکیورٹی اہلکار علی لاریجانی نے اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے میں پاکستانی تھنک ٹینکس اور امن و سلامتی کے ماہرین کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ایران صرف حقیقی مذاکرات کو قبول کرتا ہے، جعلی مذاکرات کو نہیں۔
انہوں نے کہا امریکی خود کو ہر عالمی تبدیلی کے مرکز میں دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن یہ دھوکہ دہی ہے۔ ہم حقیقی مذاکرات قبول کرتے ہیں، نہ کہ جعلی مذاکرات، اور نہ ہی وہ مذاکرات جس کا نتیجہ پہلے سے طے شدہ ہو۔
لاریجانی نے رہبر معظم انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی جانب سے پاکستانی عوام کو سلام پہنچایا اور ایران کے خلاف اسرائیلی مسلط کردہ جنگ کے دوران پاکستانی قوم، حکومت، پارلیمان اور مسلح افواج کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ ایران و پاکستان کے تعلقات کی بنیاد گہری ثقافتی وابستگی ہے اور سیاسی میدان میں بھی دونوں ممالک فکری ہم آہنگی رکھتے ہیں۔ لاریجانی کے مطابق فارسی زبان بھی دونوں ممالک کو قریب لانے والے عوامل میں سے ایک ہے۔
انہوں نے حالیہ 12 روزہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ امریکہ-اسرائیل کی سازش کا حصہ تھی، جسے برسوں سے منصوبہ بنایا گیا تھا، لیکن ان کی سازشیں ناکام ہوئیں۔ ان کے مطابق ایرانی قوم کے ارادہ و استقامت نے اسرائیلی رژیم کو مایوس کر دیا۔
لاریجانی نے مزید کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا ضروری ہے اور ایران پاکستان جیسے دوست ملک کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر کوئی محدودیت نہیں دیکھتا۔
