اسلام آباد، 26 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ کی پاکستانی صدر سے ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتِ حال پر بھی بات چیت کی گئی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی سیکریٹری سپریم قومی سلامتی کونسل ڈاکٹر علی لاریجانی کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتِ حال پر بھی بات چیت کی گئی۔
صدر آصف علی زرداری نے ڈاکٹر لاریجانی کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور حالیہ سیلاب میں اظہارِ یکجہتی اور ایرانی ریڈ کریسنٹ کی انسانی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
صدرِ زرداری نے بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران ایران کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اسرائیلی جارحیت کے بعد ایران کے لیے پاکستان کی سیاسی و سفارتی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
صدر زرداری نے حالیہ جنگ میں ایرانی عوام کی ثابت قدمی کو سراہا، سپریم لیڈر کی قیادت کی تعریف کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے ایران کی اصولی حمایت کو سراہا۔
صدر ِمملکت نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کا خواہاں ہے، پاک ایران ریلوے رابطہ تجارت کے فروغ، سیاحت کی بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پرمضبوط ہونا چاہیے، بہتر کنیکٹیویٹی سے کاروباری افراد اور زائرین کے لیے سفر آسان ہو گا۔
