Masarrat
Masarrat Urdu

فلم انڈسٹری نے اداکار دھرمیندر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

Thumb

نئی دہلی، 25 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) بالی وُڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان سمیت ہندوستانی فلم انڈسٹری کے کئی بڑے اداکاروں نے ممتاز اداکار دھرمیندر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فلم انڈسٹری کی مختلف شخصیات نے سوشل میڈیا پرسلسلہ وار پوسٹ شیئر کرکے اداکار دھرمیندر کے تئیں محبت و عقیدت اظہار کیا اور ان کی بے مثال فنی میراث کو یاد کیا۔

شاہ رخ خان نے ایک جذباتی نوٹ شیئر کرتے ہوئے دھرمیندر کو اپنے لیے ’’باپ جیسی شخصیت‘‘ قرار دیا۔

انہوں نے لکھا، ’’بھگوان آپ کی آتما کو شانتی دے… آپ میرے لیے باپ سے کم نہیں تھے۔ جس محبت اور شفقت سے آپ نے ہمیشہ نوازا، وہ کبھی نہیں بھولوں گا۔ یہ صرف اُن کےکنبے ہی کا نہیں بلکہ دنیا بھر کے سنیما اور فلم شائقین کا ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ آپ ہمیشہ زندہ رہیں گے… آپ کی روح، آپ کی فلموں اور آپ کے خوبصورت کنبے کے ذریعے ہمیشہ قائم رہے گی۔ آپ سے ہمیشہ پیار رہے گا۔‘‘

امیتابھ بچن نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دھرمیندر کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی فلمی میراث کو یاد کرتے ہوئے لکھا،''ایک اور عظیم شخصیت ہمیں چھوڑ کر چلی گئی… اور ایک ایسی خاموشی دے گئی ہے جو دل کو چیرتی ہے۔ دھرم جی… عظمت کا پیکر، صرف اپنی مشہور جسمانی وجاہت ہی نہیں بلکہ اپنے بڑے دل اور سادگی کی وجہ سے بھی ہمیشہ یاد رہیں گے۔ وہ پنجاب کے اپنے گاؤں کی مٹی کی خوشبو اپنے ساتھ لائے تھے اور اپنی پوری شاندار زندگی میں اُسی سادگی اور سچائی پر قائم رہے… فلمی دنیابدلتی رہی، مگر وہ نہیں بدلے۔'' اداکار کمل ہاسن نے دھرمیندر کوہندوستانی سنیما کے ''انتہائی نرم دل'' شخصیات میں سے ایک قرار دیا۔

انہوں نے لکھا، ''میرے عزیز دوست اور لیجنڈری اداکار دھرمیندر جی کے انتقال کی خبر نے دل توڑ دیا ہے۔ دھرم جی کی کشش، انکساری اور حوصلہ آف اسکرین بھی اتنا ہی سچا تھا جتنا آن اسکرین۔ ہندوستانی سنیما نے آج اپنے انتہائی نرم دل شخصیات میں سے ایک کو کھو دیا ہے۔ ان کےکنبے اور چاہنے والوں کے تئیں تعزیت!''

 

سپر اسٹار رجنی کانت نے اپنے جذبات یوں بیان کیے، ’’الوداع، میرے دوست! میں ہمیشہ آپ کے سونے جیسے دل اور ہمارے ساتھ گزارے ہوئے لمحوں کو یاد رکھوں گا۔ بھگوان آپ کی آتما کو شانتی دے!اہل خانہ کے تئیں دلی تعزیت۔‘‘ جونیئر این ٹی آر نے بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا’’دھرمیندر جی کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی افسوس ہوا۔ وہ ایک عہد تھے…جس کا بدل نہیں ہوسکتا۔ ان کی گرمجوشی اور پیار ہمیشہ یاد رہے گا۔ اہل خانہ کے تئیں میری دلی تعزیت ۔‘‘

مہیش بابو نے انہیں سنیما کی مضبوط آواز قرار دیتے ہوئے کہا، ’’سنیما نے ایک مضبوط ترین آواز کھو دی ہے… دھرمیندر دیول سربھگوان آپ کی آتما کو شانتی دے۔ کرداروں میں جو سچائی اور اثر آپ نے پیدا کردیا، وہ ہمیشہ نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔ بھگوان ان کے اہل خانہ کو اس مشکل گھڑی میں ہمت و حوصلہ عطا کرے۔‘‘

مموٹی نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا، ’’ایک سچا آئیکون رخصت ہو گیا۔ دھرم جی کی وراثت ہمیشہ ہر نسل کو متاثر کرتی رہے گی۔‘‘

موہن لال نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے، ’’دھرمیندر جی کا جانا ہندوستانی فلموں کے ایک دور کے خاتمے کے مترادف ہے۔ ایک ایسا فنکار جس کی گرمجوشی اور فنکاری ہمیشہ زندہ رہے گا۔‘‘

اداکارہ کستوری نے لکھا، ’’ابھی نہ جاؤ چھوڑ کر… ایک لیجنڈ کا اختتام۔‘‘ادوی سیش نے لکھا، ’’وہ حقیقتاًعظیم ترین فنکاروں میں سے تھے۔ بھگوان ان کی آتما کو شانتی دے!‘‘

شتروگھن سنہا نے جذباتی نوٹ کے ساتھ کئی یادیں بھی شیئر کیں، ’’دل ٹوٹ چکاہے… ہمارے پیارے دوست، بڑے بھائی، لوگوں کے ہیرو، دھرم جی نہیں رہے۔ وہ منکسر المزاج، پنجاب اور مہاراشٹر کی شان، حقیقی معنوں میں ’بھارت رتن‘ تھے۔ فلم انڈسٹری میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی۔ ’ہی مین‘ کا ایک عہد ختم ہو گیا۔فلم انڈسٹری میں میرے پہلے ہیرو، عوام کے ہیرو، اب نہیں رہے۔ یہ ہم سب کا اور فلم انڈسٹری کا ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ بھگوان ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کو صبر دے۔ اوم شانتی۔‘‘

 

اداکارہ پرینکا چوپڑا نے اپنے ابتدائی کیریئر کی یادیں تازہ کرتے ہوئے جذباتی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’ اس وقت جب کوئی مجھے نہیں جانتا تھا، ان کے کنبے نے مجھے بے حد محبت اور اپنائیت دی۔ بہت کم لوگ ہوتے ہیں جو کسی نو آموز اداکارہ سے اتنی شفقت سے پیش آتے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید لکھا، ’’اپنے کریئر کے آغاز سے میں دیول خاندان کو جانتی ہوں۔ میں نے سنی اور بوبی کے ساتھ کئی فلمیں کی ہیں۔ یہ صدمہ میرے لیے ذاتی ہے اور مجھے معلوم ہے کہ دنیا بھر میں بہت سے لوگ کے بھی یہی جذبات ہیں۔‘‘

دھرمیندر کی عظمت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’کچھ لوگ فلمیں چھوڑ جاتے ہیں، کچھ احساس… انہوں نے دونوں چھوڑے۔ ان کی موجودگی جاذب توجہ تھی۔

اداکار گوندہ نے بھی ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’آپ جیسا کوئی نہیں تھا… ہمیشہ آپ سے محبت رہے گی استاد!‘‘

ابراہیم علی خان، جنہوں نے ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں کرن جوہر کی مدد کی، انہوں نے بھی دھرمیندر اور اپنے کنبے کے درمیان خاص رشتے کا ذکر کیا۔

انہوں نے لکھا، ’’کچھ لوگ صرف اسکرین پر ستارے نہیں ہوتے، وہ زندگیوں کا رخ بدل دیتے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’دھرم جی… آپ بے حد خوبصورت، شاندار اور لازوال شخصیت تھے۔ آپ نے مجھے جو نصیحتیں د یں ان کے لیے میں آپ کا شکر گزار ہوں، میں انہیں زندگی بھر یاد رکھوں گا۔ دیول خاندان کے تئیں دلی تعزیت! آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔‘‘

ہر دل عزیز اداکار دھرمیندر کے انتقال پُر ملال پر سوشل میڈیا پر لوگوں کے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ فلم انڈسٹری، شائقین اور ان کے ساتھی عظیم فنکار کے بچھڑ جانے پر گہرے سوگ میں ہیں۔

 
 
 

Ads