Masarrat
Masarrat Urdu

حزب اللہ نے سینئر کمانڈر ہیثم علی طباطبائی کی شہادت کی تصدیق کردی

  • 24 Nov 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بیروت، 24 نومبر(مسرت ڈاٹ کام) حزب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ سینئر کمانڈر ہیثم علی طباطبائی جنوبی بیروت کے علاقے حاره حریک میں صہیونی حملے میں شہید ہوگئے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے بیروت کے جنوبی علاقے میں صہیونی جارحیت کے نتیجے میں تنظیم کے سینئر کمانڈر ہیثم علی طباطبائی شہید ہوگئے ہیں۔

مقاومتی تنظیم نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ فخر کے ساتھ اعلان کرتی ہے کہ مزاحمتی تحریک کے سینئر کمانڈر ہیثم علی طباطبائی المعروف سید ابوعلی شہید ہوگئے ہیں۔ انہوں نے لبنان کے دفاع کی راہ میں جانثاری سے کام لیا اور اسرائیلی دشمن کے خائنانہ حملے میں شہید ہوئے۔

انہوں نے اپنی پوری زندگی جدوجہد، اخلاص، قربانی اور ثابت قدمی کے ساتھ مقاومت کی راہ میں گزاری۔ وہ دشمن صہیونی حکومت کے مقابلے میں آخری لمحے تک متحرک رہے اور اپنے شہید ساتھیوں سے جاملے۔ شہید ہیثم طباطبائی نے مقاومت کے آغاز ہی سے اپنی زندگی اس تحریک کے لیے وقف کر دی تھی۔ وہ تنظیم کے بانی رہنماؤں میں سے تھے جنہوں نے اس تنظیم کو مضبوط، باوقار اور طاقتور بنایا تاکہ وطن محفوظ رہے۔ انہوں نے دفاع وطن میں نہ کبھی تھکن محسوس کی اور نہ کبھی ہمت ہاری۔

انتھک کوشش اور خدمات کے بدلے اللہ نے انہیں شہادت کا بلند مقام عطا کیا۔ ان کی یہ عظیم قربانی مقاومتی مجاہدین کے لیے مزید عزم، حوصلے اور طاقت کا سبب بنے گی، جیسے وہ اپنی پوری زندگی ان کے لیے توانائی کا ذریعہ رہے۔ مجاہدین ان کے راستے کو آگے بڑھائیں گے۔

حزب اللہ اس عظیم مجاہد کمانڈر کی شہادت کی مناسبت سے امام زمانہ (عج)، تمام مقاومتی مجاہدین اور صابر اور ثابت قدم عوام اور شہید کے اہل خانہ کو تسلیت اور مبارک باد پیش کرتی ہے اور  اللہ تعالی سے ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کے لیے جلد شفا کے لیے دعاگو ہے۔

Ads