شرم الشیخ، 14 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) شہباز شریف نے اسرائیلی مظالم کو نظرانداز کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کو نوبل انعام کا مستحق قرار دے کر سیاسی خوشامد کی نئی مثال قائم کر دی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے شرم الشیخ میں غزہ کے حوالے سے منعقدہ امن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن جدید تاریخ کا سب سے بڑا دن ہے کیونکہ طویل اور صبر آزما کوششوں کے بعد امن حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں صہیونی حکومت کی سابقہ وعدہ خلافیوں کا کوئی ذکر نہیں کیا۔
شہباز شریف نے اعلان کیا کہ پاکستان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے دوبارہ نامزد کرے گا کیونکہ ان کے بقول صدر ٹرمپ نے لاکھوں جانیں بچائیں اور امن کی راہ ہموار کی۔
شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔
انہوں نے ان تمام علاقائی رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس امن معاہدے میں کردار ادا کیا۔