وزیر اعظم نریندر مودی نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ بہار اسمبلی انتخابات میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی جیت کے لیے کارکنان پوری توانائی کے ساتھ سرگرم ہو گئے ہیں۔ ایسے کارکنوں کے ساتھ بات چیت سے انہيں ہمیشہ نئی تحریک ملتی ہے۔
انہوں نے کہا، "مجھے 15 اکتوبر کو ایسے کارکنوں سے براہ راست بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔ میں آپ سب سے گزارش کرتا ہوں کہ "میرا بوتھ سب سے مضبوط" مہم میں شامل ہوں اور آج ہی اپنی تجاویز شیئر کریں۔ میں ان تجاویز پر کچھ منتخب کارکنوں سے براہ راست بات بھی کروں گا۔"
اگرچہ این ڈی اے کے اندر سیٹوں کی تقسیم پر ابھی تک اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے، لیکن وزیر اعظم مودی کا یہ اعلان بی جے پی کارکنوں کے لیے مثبت اور حوصلہ افزا ہے۔
واضح رہے کہ 243 رکنی بہار اسمبلی کے لیے ووٹنگ دو مرحلوں میں 6 نومبر اور 11 نومبر کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔ بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے میں جنتا دل (یونائیٹڈ)، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، ہندوستانی عوام مورچہ (سیکولر) اور لوک راشٹریہ مورچہ شامل ہیں۔ اس کا مقابلہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی قیادت والے عظیم اتحاد سے ہے، جس میں کانگریس، بائیں بازو کی جماعتیں اور چھوٹی پارٹیاں شامل ہیں۔ اس الیکشن میں پہلی بار پرشانت کشور کی قیادت والی جن سورج پارٹی بھی میدان میں ہے۔