Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستانی خواتین ٹیم نے آسٹریلیا کو 102 رنز سے شکست دی

Thumb

نیو چنڈی گڑھ، 17 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام): اسمرتی مندھانا (117) کی شاندار سنچری اور دپتی شرما (40) کی ذمہ دارانہ اننگز کے بعد گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان کی خواتین ٹیم نے بدھ کے روز دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کی خواتین ٹیم کو 102 رنز کے بھاری فرق سے ہرا دیا۔

293 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری آسٹریلیا کی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور اس نے محض 12 کے اسکور پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ جارجیا وول (صفر) کو رینوکا سنگھ نے بولڈ کیا جبکہ پانچویں اوور میں کرانتی گوڑ نے کپتان ایلیسا ہیلی (چھ رنز) کو پویلین بھیجا۔ ایلس پیری اور بیتھ مونی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن 17ویں اوور میں اسنیہا رانا نے بیتھ مونی (18) کو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد اینابیل سدرلینڈ نے ایلس پیری کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 46 رنز جوڑے۔ تاہم 25ویں اوور میں رادھا یادو نے ایلس پیری (44) کو اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے پویلین بھیج دیا۔30ویں اوور میں اروندھتی ریڈی نے اینابیل سدرلینڈ (45) کو آؤٹ کیا۔ دیپتی شرما نے اشلے گارڈنر (17) اور ٹالیہ میک گرا (16) کو پویلین کی راہ دکھائی۔ الانا کنگ صرف دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئیں۔ 41ویں اوور میں کرانتی گوڑ نے جارجیا ویئرہام (10) کو بولڈ کر کے آسٹریلیائی ٹیم کو 190 کے مجموعی اسکور پر آل آؤٹ کر دیا اور یوں ہندوستان نے میچ 102 رنز سے اپنے نام کر لیا۔

ہندوستان کی جانب سے کرانتی گوڑ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ دپتی شرما کو دو کامیابیاں ملیں، جبکہ رینوکا سنگھ، اسنیہا رانا، اروندھتی ریڈی اور رادھا یادو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی اوپننگ جوڑی پرتیکا راول اور اسمرتی مندھانا نے شاندار شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 70 رنز بنائے۔ 12ویں اوور میں اشلے گارڈنر نے پرتیکا راول (25) کو آؤٹ کر کے شراکت توڑی۔ اس کے بعد ہارلین دیول (10) رن آؤٹ ہو گئیں اور کپتان ہرمن پریت کور (17) کو بھی اشلے گارڈنر نے آؤٹ کیا۔

ہندوستان کا چوتھا وکٹ 192 کے اسکور پر اسمرتی مندھانا کے طور پر گرا، جنہیں ٹالیہ میک گرا نے آؤٹ کیا۔ مندھانا نے محض 91 گیندوں پر 14 چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے شاندار 117 رنز بنائے۔ تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستانی بلے باز آسٹریلوی بولنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔ رچا گھوش (29)، رادھا یادو (6) اور اروندھتی ریڈی جلد آؤٹ ہو گئیں۔ کرانتی گوڑ بھی صرف دو رنز پر رن آؤٹ ہوئیں۔ دیپتی شرما نے 53 گیندوں پر 40 رنز بنائے جبکہ 50ویں اوور کی پانچویں گیند پر میگن شوٹ نے اسنیہا رانا (18 گیندوں پر 24 رنز) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کی اننگز 292 رنز پر سمیٹ دی۔آسٹریلیا کی جانب سے ڈارسی براؤن نے تین وکٹیں حاصل کیں، اشلے گارڈنر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میگن شوٹ، اینابیل اور ٹالیہ میک گرا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

 

Ads