Masarrat
Masarrat Urdu

صہیونی جارحیت پر اقوام متحدہ کی خاموشی، ایران کی شدید تنقید

  • 17 Sep 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

اقوام متحدہ، 17 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ایران نے صہیونی جارحیت پر اقوام متحدہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر اقوام متحدہ خاموش نہ رہتی تو اسرائیل ایران اور قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی جرات نہ کرتا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی اعلی انسانی حقوق کونسل کے سیکریٹری ناصر سراج نے اسرائیلی حملوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ خاموشی خطے کے ممالک پر صہیونی جارحیت کی بنیادی وجوہات میں سے ایک ہے۔

جنیوا میں اقوام متحدہ کی نائب ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق ندا الناشف کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی خاموشی کی وجہ سے صہیونی حکومت کی گستاخی میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ خاموشی اور انسانی حقوق کے دوہرے معیار موجود نہ ہوتے تو ایران اور قطر پر حملے نہ ہوتے اور ان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہ کی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے غیر قانونی حملے کے دوران ایرانی حکام نے عوام کی جان و مال کے تحفظ، ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے بھرپور اقدامات کیے، حتی کہ ایوین جیل پر حملے کے بعد قیدیوں کی دیکھ بھال تک کی ذمہ داری نبھائی۔ اس دوران ایرانی عوام نے بھی بے مثال اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، جو دنیا کے لیے ایک اہم پیغام تھا۔

Ads