تہران، 17 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی فوجی کمانڈر جنرل پوردستان نے کہا ہے کہ ایران جنگ کی صورت ہر ممکن صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے اسٹریٹجک اسٹڈیز اور ریسرچ سینٹر کے سربراہ جنرل احمد رضا پوردستان نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے ساتھ مستقبل میں ہونے والی کسی بھی جنگ میں ایران صرف میزائل ہی نہیں بلکہ دیگر ہتھیار بھی استعمال کرے گا۔
انہوں نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 12 روزہ مقدس دفاع میں ہم نے بنیادی طور پر دشمن کا مقابلہ میزائل کے ذریعے کیا، لیکن اگر مستقبل کی جنگ میں ضرورت ہوئی تو ہم دشمن سے دیگر میدانوں میں بھی مقابلہ کریں گے۔
جنرل پوردستان نے مزید کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ اگر دشمن کسی حرکت کی کوشش کرے تو اسے زبردست اور عبرت ناک جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے ایرانی عوام کو بھی یقین دلایا کہ مسلح افواج کسی بھی ممکنہ جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔