Masarrat
Masarrat Urdu

اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے الفاظ نہیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے، صدر پزشکیان

Thumb

دوحہ، 16  ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی صدر نے دوحہ سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرب اور مسلمان ممالک پر اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کرنے پر زور دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر پزشکیان نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ دراصل امریکی و مغربی پشت پناہی کا نتیجہ ہے جس پر مسلم ممالک کو متحد ہوکر عملی قدم اٹھانا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق دوحہ میں عرب لیگ اور تنظیم تعاون اسلامی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا ہے کہ صرف الفاظ اور بیانات سے اسرائیلی مظالم کا خاتمہ ممکن نہیں، مسلم ممالک کو عملی اقدام کرنا ہوگا۔

صدر ایران نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ طاقت کا مظاہرہ نہیں بلکہ مایوسی کی علامت ہے، جس کے پیچھے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی دہائیوں پر محیط حمایت کارفرما ہے۔ تل ابیب کو خطے پر حملوں کے بعد بھی عالمی دباؤ سے استثنیٰ حاصل ہے کیونکہ مغرب کھل کر اس کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

پزشکیان نے واضح کیا کہ اسرائیل نے قطر پر حملے کے ذریعے مسلم دنیا کو بیدار کر دیا ہے۔ اب غزہ، لبنان، قطر اور ایران کی برباد عمارتوں سے ایک نیا عالمی و علاقائی نظام جنم لے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی عرب یا اسلامی ملک صہیونی جارحیت سے محفوظ نہیں، اس لیے امت مسلمہ کے پاس اتحاد کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔

Ads