Masarrat
Masarrat Urdu

اسرائیلی فضائی حملے میں یمنی میڈیا گھرانوں کے 26 ملازمین کی موت: حوثی

Thumb

صنعاء، 15 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) یمن کے دارالحکومت صنعاء میں اسرائیلی فضائی حملوں میں مرنے والے 46 افراد میں سے 26 مقامی میڈیا اداروں کے ملازمیں تھے۔ یمن کے حوثی گروپ نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

حوثی گروپ نے ایک بیان میں کہا کہ حملے میں مرکزی صنعاء کے تحریر اسکوائر پر واقع دو اخبارات کے دفاتر کو تباہ کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حملے سے ان کے میڈیا آپریشنز کمزور نہیں ہوں گے۔

حوثیوں کے زیر کنٹرول وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ حملے میں 165 افراد زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حوثیوں کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی نے تباہ شدہ رہائشی عمارتوں اور ملبے میں تلاش کرنے والے امدادی کارکنوں کی فوٹیج جاری کی ہے۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے فوجی کیمپوں، حوثیوں کے تعلقات عامہ کے ہیڈ کوارٹر اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی جگہ کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ کارروائی حوثی گروپ کے ڈرون اور میزائل حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔

حوثی فوج کے ترجمان یحیی ساریہ نے حملے کا جواب دینے کا عزم ظاہر کیا۔ مسٹر یحییٰ کا دفتر بھی گزشتہ ہفتے ایک فضائی حملے میں تباہ ہو گیا تھا۔

حوثیوں نے اسرائیلی حملے کے جواب میں حملے جاری رکھنے اور غزہ میں جنگ اور ناکہ بندی کے خاتمے کے لیے دباؤ ڈالنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ شمالی یمن کے بیشتر علاقوں پر حوثی باغیوں کا قبضہ ہے۔

Ads