Masarrat
Masarrat Urdu

قطر پر صہیونی جارحیت کی مزید تفصیلات؛ سعودی فضا استعمال کی گئی، امریکی میڈیا

Thumb

تہران، 13 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) امریکی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ صہیونی طیاروں نے سعودی عرب کی فضاؤں سے دوحہ پر میزائل فائر کئے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قطر پر صہیونی حکومت کے جارحانہ حملے کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ صہیونی جنگی طیاروں نے دوحہ کو نشانہ بنانے سے قبل واشنگٹن کو بروقت اطلاع نہیں دی۔ 

امریکی روزنامہ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق، اسرائیل نے لانگ رینج کے میزائلوں سے حملہ کیا۔ اسرائیلی ایف-15 اور ایف-35 جنگی طیارے بحیرہ احمر کی سمت پرواز کرگئے اور وہاں سے سعودی عرب کی فضاؤں کے اوپر سے دوحہ کی جانب میزائل فائر کیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ واشنگٹن کو اس حملے کے بارے میں محض چند لمحے قبل اطلاع دی گئی لیکن ہدف کی درست تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

امریکی حکام نے تصدیق کی کہ امریکہ کے اسپیس سینسرز نے میزائلوں کی انفراریڈ حرارتی لہروں کا سراغ لگا کر ان کا رخ دوحہ کی جانب ہونے کی نشاندہی کی، مگر یہ معلومات اس وقت تک حکومت ٹرمپ تک نہ پہنچ سکیں کہ وہ حملے کو روکنے کے لیے کوئی اقدام کر پاتے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے میزائل حملہ اس وقت کیا تھا جب حماس کے رہنما دوحہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکراتی تجویز پر غور کے لیے جمع تھے۔ اگرچہ حملے میں حماس کے اعلی رہنماؤں کو نقصان نہیں پہنچا، تاہم تنظیم کے کچھ اراکین اور قطری شہری جاں بحق ہوئے۔

Ads