Masarrat
Masarrat Urdu

سوشیلا کارکی نیپال کی عبوری وزیر اعظم مقرر

  • 12 Sep 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

کھٹمنڈو، 12 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) نیپال کی سپریم کورٹ کی سابق چیف جسٹس سشیلا کارکی کو جمعہ کی رات ملک کی عبوری وزیر اعظم مقرر کرلیا گیا ہے۔

صدر رام چندر پاڈیل نے راشٹرپتی بھون (شیتل نواس) میں منعقدہ ایک خصوصی اور مختصر تقریب میں جسٹس کارکی کو نیپال کی عبوری وزیر اعظم کے طور پر عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر نائب صدر، چیف جسٹس، اعلیٰ سرکاری افسران، سکیورٹی چیف اور سفارتی برادری کے ارکان بھی موجود تھے۔

اس تقرری کے ساتھ، پیر کو ملک میں پھوٹا عوامی غصہ اب کم ہونے کی امید ہے۔ اس دوران ہنگامہ، توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعات میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور 350 سے زائد زخمی ہوئے۔

جسٹس کارکی نے ایک بار پھر ملک کی پہلی خاتون ایگزیکٹو سربراہ بن کر نیپال کی تاریخ میں نام درج کرلیا۔ جولائی 2016 میں، انہوں نے نیپال کی پہلی خاتون چیف جسٹس بن کر تاریخ رقم کی تھی۔

کے پی شرما اولی کی قیادت والی حکومت کا تختہ الٹنے والے جین زیڈ مشتعل افراد نے کئی دور کی بات چیت کے بعد عبوری حکومت کی قیادت کے لیے ان کے نام پر اتفاق کیا۔ بدھ کے روز، انہیں سوشل میڈیا ڈسکارڈ پر سب سے زیادہ ووٹ ملے، جس سے وہ انقلاب کے بعد کی حکومت کی قیادت کرنے کے لیے سب سے پسندیدہ امیدوار بن گئیں۔

اس کے بعد بھی ان کے نام کے تعلق سے کئی گروہوں میں ناراضگی تھی۔ لیکن جب یہ خبر آئی کہ فوج عبوری سربراہ کے نام پر اتفاق نہ ہونے پر ناراض ہے اور انہوں نے ایمرجنسی لگانے کا مشورہ بھی دے دیا ہے تو حالات تیزی سے جسٹس کارکی کے حق میں بدلنے لگے۔

جن لوگوں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے وہ کارکی کو بہادر اور اعلیٰ سطح کی ایماندار بتاتے ہیں۔ وہ اپنے سادہ طرز زندگی کے لیے بھی مشہور ہیں۔ وہ بدعنوانی کے خلاف کافی بے باکی سے آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ اپنی مدت کار کے دوران ان کی بنچ نے سیاستدانوں کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات میں تاریخی فیصلے سنائے تھے۔

جنوبی ایشیائی ممالک میں ملک کی کمان خواتین کو سونپنے کی شاندار تاریخ رہی ہے۔ ہندوستان میں اندرا گاندھی، سری لنکا میں سریماو بھنڈارنائیکے، پاکستان میں بے نظیر بھٹو، بنگلہ دیش میں بیگم خالدہ ضیا اور اب نیپال میں جسٹس کارکی نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے

Ads