بات چیت کے بعد انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ریاستوں اور جاپان کے صوبوں کے درمیان تعاون ہند-جاپان دوستی کا ایک اہم ستون ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں، انہوں نے کہا، "آج صبح ٹوکیو میں، جاپان کے 16 صوبوں کے گورنروں کے ساتھ بات چیت کی۔ ریاست - پریفیکچر تعاون ہند-جاپان دوستی کا ایک اہم ستون ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کل 15ویں سالانہ ہندوستان-جاپان چوٹی کانفرنس کے دوران اس پر ایک الگ پہل شروع ہوئی۔ تجارت، اختراعات، انٹرپرینیورشپ وغیرہ کے شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات ہیں۔ اسٹارٹ اپس، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت جیسے مستقبل کے حوالے سے شعبے بھی فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔
گورنروں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ عصری ہند-جاپان تعلقات دونوں ملکوں کے درمیان صدیوں پرانے تہذیبی رشتوں سے قوت حاصل کرتے ہوئے مسلسل فروغ پارہے ہیں۔ مختلف شعبوں میں ہند-جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کی رفتار پر روشنی ڈالتے ہوئے، انہوں نے زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ٹوکیو اور دہلی کے درمیان محدود تعلقات سے آگے بڑھ کر ریاستوں کے درمیان تعلقات کوازسرنو فروغ دیا جائے۔
اس تناظر میں، انہوں نے جمعہ کو 15ویں سالانہ سربراہی اجلاس میں شروع کیے گئے ریاست صوبہ شراکت داری کے اقدام پر روشنی ڈالی جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی، سیاحت، مہارت، سلامتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دے گی۔ انہوں نے گورنروں اور ہندوستان میں ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ اس نئی پہل سے فائدہ اٹھائیں اور مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی، اختراع، نقل و حرکت، اگلی نسل کے بنیادی ڈھانچے، اسٹارٹ اپس اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ای) کے شعبوں میں شراکت داری قائم کریں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جاپان کے ہر ایک پریفیکچر کی اپنی منفرد اقتصادی اور تکنیکی طاقتیں ہیں اور اسی طرح ہندوستانی ریاستوں کی بھی اپنی متنوع طاقتیں ہیں۔ انہوں نے گورنرز کو دعوت دی کہ وہ ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں شراکت دار بننے کے لیے ان کا فائدہ اٹھائیں۔ وزیر اعظم نے ان سے دونوں ممالک کے ذریعہ کی گئی نوجوان اور ہنر کے تبادلے کے وعدوں میں اپنا حصہ ڈالنے اور جاپانی ٹیکنالوجی کو ہندوستانی ہنر کے ساتھ بہترین طریقے سے جوڑنے کی اپیل کی۔ گورنروں نے کہا کہ ہند-جاپان تجارت، تعلیمی، ثقافتی اور عوام سے عوام کے تعلقات کو عزائم کی اگلی سطح تک لے جانے کے لیے تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
گورنروں سے ملاقات کے بعد مسٹر مودی جاپان کے وزیر اعظم کے ساتھ سیمی کنڈکٹر ہب کے نام سے مشہور شہر سینڈائی کے لئے روانہ ہوگئے۔