اقوام متحدہ، 28 اگست (مسرت ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ کے علاوہ تمام اراکین نے غزہ میں جاری صہیونی مظالم اور فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے پر زور دیا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 14 اراکین نے ایک بیان میں غزہ میں جنگ کے فوری، مستقل اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ممالک امریکہ کے نمائندے کی مخالفت کے باوجود غزہ میں قحطی کو تسلیم کرتے ہیں۔
اراکین نے کہا کہ ہم غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
بیان میں یہ بھی شامل ہے کہ انسانی امداد کی راہ میں موجود تمام رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ غزہ میں قحط کے خاتمے کے لیے بروقت مدد پہنچ سکے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش کے ترجمان نے کہا کہ غزہ میں مزید امداد داخل ہونے دی جائے اور ہمارا کام رکاوٹوں کا شکار نہ ہو۔ غزہ کے بچے ابتدائی تعلیم کے حق سے محروم ہیں۔ ہم غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔