Masarrat
Masarrat Urdu

آسٹریلیا نے میچ، جنوبی افریقہ نے جیتی سیریز

Thumb

مکائے، 24 اگست (مسرت ڈاٹ کام) کیمرون گرین (ناٹ آؤٹ 118)، ٹریوس ہیڈ (142) اور کپتان مچل مارش (100) کی شاندار سنچریوں کے بعد کوپر کونلی چھ اوورمیں 22 رن کے عوض 5 وکٹ کی خطرناک گیندبازی کی بدولت آسٹریلیا نے اتوار کو تیسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو 276 رنز سے شکست دے دی۔ تاہم جنوبی افریقہ نے سیریز 2-1 سے جیت لی۔ 142 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے والے ٹریوس ہیڈ کو 'پلیئر آف دی میچ' اور 37 رنز اور چھ وکٹیں لینے والے کیشو مہاراج کو 'پلیئر آف دی سیریز' سے نوازا گیا۔

432 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات خراب رہی اور اس 50 رن کے اسکورتک اپنے چار وکٹیں گنوادیں۔ ایڈن مارکرم (دو)، ریان رکلیٹن (11)، ٹیمبا باوما (19) اور ٹرسٹن اسٹبس (ایک) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ٹونی ڈی جارجی اور ڈیوالڈ بریوس نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 57 رنز کی شراکت ہوئی۔ 14ویں اوور میں کوپر کونلے نے ٹونی ڈی جارجی 30 گیندوں پر 33 رنز کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد ڈیوالڈ بریوس (49)، ویان مولڈر (پانچ)، کوربن بوش (17)، کیشو مہاراج (دو) کوکوپر کونلے نے آؤٹ کرکے میچ آسٹریلیا کی جھولی میں ڈال دیا۔ 25ویں اوور کی پانچویں گیند پر ایڈم زمپا نے وینا مفاکا (صفر) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کی اننگ 115 کے اسکور پر سمیٹ دی۔

آسٹریلیا کے لیے کوپر کونولی نے چھ اوورز میں 22 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کوپر کونولی ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے سب سے کم عمر آسٹریلوی کھلاڑی بن گئے! زیویئر بارٹلیٹ اور شان ابیٹ کو دو دو وکٹ ملے۔ ایڈم زمپا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آج یہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری آسٹریلیا کے لئے ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 250 رنز کی شراکت داری کی۔ 35ویں اوور میں کیشو مہاراج نے ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ ٹریوس ہیڈ نے 103 گیندوں میں 17 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے (142) رنز بنائے۔ 37ویں اوور میں سینوران متھوسمی نے مچل مارش کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو دوسری کامیابی دلائی۔ مچل مارش نے 106 گیندوں میں چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے۔ اس کے بعد کیمرون گرین اور ایلکس کیری کی جوڑی نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں دو وکٹوں پر ٹیم کا اسکور 431 رنز تک پہنچا دیا۔ کیمرون گرین نے 55 گیندوں میں آٹھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے (118 ناٹ آؤٹ) رنز بنائے۔ ایلکس کیری نے 37 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور سینورن متھوسمی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

 

Ads