Masarrat
Masarrat Urdu

جڈیجہ اور سندر کی نصف سنچری اننگز، ہندوستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف دیا

Thumb

لندن، 02 اگست (مسرت ڈاٹ کام) رویندر جڈیجہ (53) اور واشنگٹن سندر (53) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان  نے پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو انگلینڈ کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف دیا۔

چائے کے وقفے کے بعد بلے بازی کے لیے اُتری   ٹیم انڈیا کا ساتواں وکٹ دھروو جوریل (34) کے طورپر گرا، جنہیں اوورٹن نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس کے بعد واشنگٹن سندر بلے بازی کے لیے آئے اور انہوں نے جڈیجہ کے ساتھ مل کر اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے 34 رنز جوڑے۔ جاش ٹنگ نے رویندر جڈیجہ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ جڈیجہ نے 77 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔
اسی اوور میں ٹنگ نے محمد سراج کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کر کے ہندوستان کو نواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد واشنگٹن سندر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ایک وقت ایسا لگا کہ واشنگٹن ہندوستان کا اسکور 400 کے پار لے جائیں گے، لیکن ٹنگ نے انہیں کراؤلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے ہندوستان   کی دوسری اننگز کا اختتام 396 رنز پر کر دیا۔
چونکہ انگلینڈ نے پہلی اننگ میں 23 رنز کی سبقت حاصل کی تھی، اس بنیاد پر اب انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 374 رنز کا ہدف ملا ہے۔ واشنگٹن سندر نے 46 گیندوں پر چار چوکے اور چار چھکے لگا کر 53 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔
اس سے پہلے، اوپنر یشسوی جیسوال (118) کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان  نے انگلینڈ کے خلاف چائے کے وقفے تک چھ وکٹ پر 304 رنز بنا لیے تھے، جس سے اسے 281 رنز کی اہم برتری حاصل ہو گئی تھی۔ جیسوال نے 164 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 118 رنز میں 14 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ نائٹ واچ مین آکاش دیپ نے 94 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے، جب کہ کرون نائر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ہندوستان   نے گزشتہ دن کے دو وکٹ پر 75 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں یشسوی جیسوال اور آکاش دیپ نے انگلینڈ کی بولنگ کا اعتماد کے ساتھ سامنا کیا اور کمزور گیندوں پر رنز حاصل کیے۔ اس دوران آکاش دیپ نے گس ایٹکنسن کی گیند پر چوکا لگا کر اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔
آکاش دیپ نے 73 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ان کے چوکا لگاتے ہی ہندوستانی ڈریسنگ روم میں موجود تمام کھلاڑی کھڑے ہو کر تالیاں بجاتے نظر آئے۔ آکاش دیپ نے اپنی مٹھی بند کر کے خوشی کا اظہار کیا، جب کہ یشسوی جیسوال نے انہیں گلے لگا کرمبارکباد دی۔
اس کے بعد انگلینڈ کے گیند بازوں کا سامنا کر رہے آکاش دیپ کو جیمی اوورٹن نے ایٹکنسن کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان  کو تیسرا جھٹکا دیا۔ آکاش دیپ نے 94 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے۔ یشسوی اور آکاش دیپ کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 107 رنز کی شراکت ہوئی۔ کپتان شبھمن گل 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ گل نے اس سیریز میں 750 رنز کا ہندسہ عبور کر لیا اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے سنیل گواسکر کے بعد دوسرے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔
انگلینڈ کی طرف سے جاش ٹنگ نے 125 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کیے۔ گس ایٹکنسن کو تین وکٹ ملے اور جیمی اوورٹن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Ads