Masarrat
Masarrat Urdu

ٹرمپ نے پاکستان میں تیل کے ذخائر کی ترقی پر معاہدہ کیا

  • 31 Jul 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

نئی دہلی، 31 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ہندوستان اور روس کے مابین دہائیوں پرانے تعلقات سے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سخت ناراض ہیں،  انہوں نے  ہندوستان پر 25 فیصد درآمداتی محصول اور جرمانہ عائد کرنے کے بعد اب پاکستان کے  تیل کے ذخائر کی ترقی میں تعاون کے لیے ایک نیا معاہدہ کیا ہے۔مسٹر ٹرمپ نے ہندوستان اور روس کی معیشت کے بارے میں بہت مایوس کن بیان دیا ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں معیشتیں مر چکی ہیں۔

امریکی صدر نے بدھ کی رات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر پاکستان کے تیل کے ذخائر کی ترقی کے معاہدے کا اعلان کیا۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان کے ساتھ نئے تجارتی فریم ورک کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس کا مقصد پاکستان کے غیر استعمال شدہ تیل کے ذخائر کو ترقی دینا اور درآمداتی محصول کو کم کرنا ہے۔ اس کام کے لیے ابھی تک امریکی تیل کمپنی کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے۔ یہ کمپنی پاکستان کے تیل کے بڑے ذخائر کی ترقی پر کام کرے گی۔ امریکی صدر نے لکھا ہے کہ ’’ہم نے  پاکستان کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت پاکستان اور امریکا اپنے تیل کے وسیع ذخائر کو ترقی دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ ہم تیل کمپنی کے انتخاب  کی تیاریاں کر رہے ہیں، جو اس شراکت داری کی قیادت کرے گی۔ کون جانتا ہے کہ  وہ کمپنی کسی دن  ہندوستان کو تیل فروخت کریں گی‘‘۔
پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب امریکہ کے دورے پر ہیں،انہوں  نے درآمدی ڈیوٹی کے معاہدے پر حتمی بات چیت کی ہے۔ پاکستانی میڈیا ’دی ڈان‘ کے مطابق پاکستانی وفد نے مذاکرات کی تفصیلات نہیں بتائی ہیں، تاہم ایک اہلکار نے امید ظاہر کی ہے کہ معاہدے پر یکم اگست کی ڈیڈ لائن سے پہلے دستخط کر دیے جائیں گے۔
  مسٹر ٹرمپ نےسوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا ہے کہ ’’مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہندوستان اور روس کے ساتھ کیا کرتا ہے۔ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ مل کر اپنی مردہ معیشتوں کو ڈبو دیتے ہیں۔ ہم نے ہندوستان کے ساتھ بہت کم تجارت کی ہے، ان کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کی تجارتی پالیسیوں کو مشکل اور پریشان کن  قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تجارت کرنا امریکہ کے لیے فائدہ مند نہیں رہا ہے۔

Ads