Masarrat
Masarrat Urdu

مسجدوں کو آباد کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے:مولانا محب اللہ ندوی

  • 18 Jul 2025
  • مسرت ڈیسک
  • مذہب
Thumb

نئی دہلی، 18جولائی (مسرت ڈاٹ کام) نئی دہلی کی جامع مسجد کے امام اورممبر پارلیمنٹ مولانا محب اللہ ندوی نے کہا ہے کہ”مسجدوں کو زیادہ سے زیادہ آباد کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اس سے ان شرپسندوں کی حوصلہ شکنی ہوگی جو آئے دن مسجدوں کی تاریخ اور تعمیر پر سوال کھڑے کرتے ہیں۔“

گزشتہ شب یہاں جامع مسجد نئی دہلی کے قدیم نمازیوں کے ایک اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ”مسجدوں اور بزرگان دین کے مزاروں کے خلاف شرانگیز مہم منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے اور اس کا مقصد مسلمانوں کی مذہبی شناخت کو مٹانا ہے، لیکن یہ مہم کسی بھی طورکامیاب نہیں ہوگی کیونکہ مسجدیں اللہ کا گھر ہیں اور وہی ان کا نگہبان بھی ہے۔“
اس موقع پر سینئر صحافی معصوم مرادآبادی نے کہا کہ”نئی دہلی کی یہ جامع مسجد جسے عرف عام میں پارلیمنٹ کی مسجد بھی کہا جاتا ہے، اس اعتبار سے تاریخی نوعیت کی حامل ہے کہ یہاں سربراہان مملکت، وزراء اور سفراء عام مقتدیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اسلامی اخوت کا ثبوت پیش کرتے رہے ہیں۔“
انھوں نے کہا کہ ”میں چاردہائیوں سے بھی زیادہ عرصے سے یہاں نماز پڑھ رہا ہوں اورمیں نے اس مسجد کے کئی ادوار کو قریب سے دیکھا ہے۔ مسجدکی موجودہ شاندارتجدید وتزئین مولانا محب اللہ ندوی کی کوششوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔“
اس موقع پر اشرف کریم، سیدلائق علی اور خالد خاں نے بھی اظہار خیال کیا۔ تقریب میں تمام سرکردہ صحافی اور پارلیمنٹ میں برسرکار افسران ملازمین بھی موجود تھے۔

Ads