وکیل آشیما منڈلا نے کہا، "دہلی ہائی کورٹ نے مارچ 2020 میں تبلیغی جماعت کے ایک مذہبی پروگرام کے دوران کورونا سے متعلق پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر 70 ہندوستانی شہریوں کے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کر دیا ہے۔"
وکیل نے کہا، "ان لوگوں پر کوروروناپھیلانے کا بھی الزام تھا۔ تبلیغی جماعت کے وکیل نے دلیل دی کہ یہ لوگ صرف رہائش اور قیام کی سہولت فراہم کر رہے تھے۔ جہاں تک بیماری پھیلانے کے الزام کا تعلق ہے، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ چارج شیٹ میں کہیں بھی یہ نہیں لکھا گیا کہ ان 70 افراد میں سے کسی کو کووڈ 19 تھا۔ جب کسی کو یہ بیماری نہیں تھی تو وہ کیسے پھیل سکتا تھا۔" مرکز اس وقت کورونا وائرس ہاٹ سپاٹ کے طور پر ابھرا تھا جب مذہبی اجتماع میں شرکت کرنے والے 24 افراد میں کورونا مثبت پایا گیا تھا۔
24 مارچ 2020 سے 30 مارچ 2020 کے درمیان وبائی امراض کے دوران مختلف مساجد میں غیر ملکی شہریوں کو مبینہ طور پر رہائش دینے کے الزام میں 16 ایف آئی آر میں نامزد 70 ملزمان پر تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی مختلف دفعات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ کرائم برانچ نے 955 غیر ملکی جماعتیوں کے خلاف فارنرز ایکٹ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ، وبائی امراض ایکٹ اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
گزشتہ سال اگست میں، بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ نے اسی معاملے میں 29 غیر ملکی شہریوں اور چھ ہندوستانیوں کے خلاف درج ایف آئی آر کو یہ کہتے ہوئے خارج کردیا تھا کہ انہیں قربانی کا بکرا بنایا گیا تھا اور ان کے خلاف کارروائی شہریت (ترمیمی) قانون کے خلاف مظاہروں کے بعد ہندوستانی مسلمانوں کے لیے بالواسطہ انتباہ ہے۔
تبلیغی جماعت کے پروگرام کی میڈیا کوریج پر ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی میں تین ججوں کی بنچ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اظہار رائے کی آزادی کا سب سے زیادہ غلط استعمال ہوا ہے۔
عدالت نے یہ تبصرہ جمعیۃ علما ہند کی ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کیا جس میں کہا گیا تھا کہ میڈیا کا ایک حصہ تبلیغی جماعت کے معاملے کو لے کر فرقہ وارانہ منافرت پھیلا رہا ہے۔
اس کے ملک کی متعدد عدالتوں نے تبلیغی جماعت کو کورونا پھیلانے کے الزام سے بری کردیا تھا۔