Masarrat
Masarrat Urdu

باعزت جوہری مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہے، ایران

Thumb

تہران، 16 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی حکومتی ترجمان نے باہمی احترام کی بنیادوں پر مذاکرات کے لیے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کی حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر جوہری مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر مسعود پزشکیان کی حکومت نے مختلف سفارتی چینلز کے ذریعے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ ایران مذاکرات کے لیے آمادہ ہے۔

انہوں نے حالیہ 12 روزہ اسرائیل-امریکہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی ثابت قدمی کو سراہا اور کہا کہ ایران کی یہ تاریخی پختگی ہی ہے جو دشمنوں کے حملوں کے مقابلے میں اسے مزاحمت کی طاقت دیتی ہے۔ ایران کو اس کی جغرافیائی اہمیت کے باعث ماضی میں کئی بار دشمنوں کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ایرانی عوام نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور قومی سرزمین کے دفاع میں استقامت کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے ایرانی مسلح افواج کی جراتمندانہ مزاحمت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایرانی ان مجاہدوں کی استقامت پر شکر گزار ہے۔

امریکی صدر کی جانب سے رہبر انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی توہین اور سخت بیانات کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر مہاجرانی نے کہا کہ اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر قانونی اور رسمی چینلز کے ذریعے پیروی کی جارہی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے رہبر انقلاب کے خلاف دھمکی آمیز اور گستاخانہ بیانات نہ صرف ایرانی قوم کے غصے کا باعث بنے بلکہ کئی مذہبی علماء کو فتوی جاری کرنے پر بھی آمادہ کیا۔

Ads