جمعہ کی رات ممبئی سے روانہ ہونے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم شبھمن گل کی قیادت میں آج برطانیہ پہنچی۔ روہت شرما کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد شبھمن گل کو ٹیم کا کپتان اور رشبھ پنت کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔
سچن-اینڈرسن ٹرافی کے نام سے معروف سیریز کا پہلا ٹیسٹ 20 جون کو لیڈز کے ہیڈنگلے میں شروع ہوگا۔ اس کے بعد ایجبیسٹن (2 سے 6 جولائی)، لارڈز (10 سے 14 جولائی)، اولڈ ٹریفرڈ (23 سے 27 جولائی) اور دی اوول (4 سے 8 اگست) میں میچز ہوں گے۔
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو مشترک کیا ہے جس میں ہندوستانی کھلاڑی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے ساتھ ایئرپورٹ پر نظر آرہے ہیں۔ شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں سائی سدرشن نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننا اچھا لگ رہا ہے، خاص طور پر ٹیسٹ سیریز میں۔ برطانیہ میں آپ کا استقبال ہے۔"
اس دورے پر سب کی نظریں ہیں کیونکہ ہندوستانی کرکٹ ایک اہم تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ انگلینڈ پہنچی کرکٹ ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹیم انڈیااپنی ڈبلیو ٹی سی مہم کا مضبوط آغاز کرتے ہوئے انگلینڈ کی سرزمین پر چیلنج پیش کرنا چاہے گی۔