Masarrat
Masarrat Urdu

مہاراشٹر اسمبلی کا الیکشن 'میچ فکسنگ' سے جیتا، اب بہار کی باری: راہل گاندھی

Thumb

نئی دہلی، 07 جون (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ مہاراشٹر کا پچھلا اسمبلی الیکشن 'میچ فکسنگ' کے ذریعے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جیتا تھا اور اب بہار میں بھی ایسا ہی کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک انگریزی روزنامے میں شائع ہونے والے اپنے مضمون کو پوسٹ کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے ہفتہ کو لکھاکہ "انتخابات کی چوری کا پورا کھیل۔ 2024 کا مہاراشٹر اسمبلی انتخاب جمہوریت میں دھاندلی کا بلیو پرنٹ تھا۔ اپنے مضمون میں میں نے تفصیل سے بتایا ہے کہ یہ سازش کس طرح قدم قدم پر رچی گئی۔"
انہوں نے الزام لگایا کہ پہلے الیکشن کمیشن کی تقرری کرنے والے پینل کو پکڑا گیا، پھر جعلی ووٹروں کو ووٹر لسٹ میں شامل کیا گیا، پھر ووٹنگ فیصد بڑھایا گیا اور جہاں بی جے پی کو جیتنا تھا، وہاں نشانہ بنا کر جعلی ووٹنگ کی گئی اور پھر ثبوت چھپائے گئے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ یہ سمجھنا بالکل مشکل نہیں ہے کہ مہاراشٹر میں بی جے پی اس قدر مشتعل کیوں ہے۔ لیکن انتخابی دھاندلی بھی میچ فکسنگ کی طرح ہے، دھوکہ دینے والی جماعت جیت سکتی ہے لیکن اس سے جمہوری ادارے کمزور ہوتے ہیں اور عوام کا نتائج پر سے اعتماد اٹھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ "ہر ذمہ دار شہری کو خود ثبوت دیکھنا چاہئے، سچائی کو سمجھنا چاہئے اور جواب مانگنا چاہئے۔ کیونکہ مہاراشٹر کی یہ 'میچ فکسنگ' اب بہار میں اور پھر دوسری جگہوں پر دہرائی جائے گی جہاں بی جے پی ہار رہی ہے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ انتخابات میں میچ فکسنگ جمہوریت کے لیے زہر ہے۔

Ads