Masarrat
Masarrat Urdu

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ جوش و خروش سے منائی گئی

Thumb

نئی دہلی، 07 جون (مسرت ڈاٹ کام) عیدالاضحیٰ کا تہوار ہفتہ کو ملک بھر میں مذہبی اور روایتی خوشی کے ساتھ منایا گیا۔

لوگوں نے صبح کے وقت مختلف شہروں اور دیہاتوں میں عیدگاہوں اور مساجد میں جاکر دوگانہ نماز ادا کی اور گلے مل کر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
دارالحکومت دہلی کی جامع مسجد اور عیدگاہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے دوگانہ نماز ادا کی۔ دارالحکومت کی دیگر مساجد میں بھی لوگ جمع ہوئے اور نماز ادا کی۔
جموں و کشمیر میں بھی عید الاضحیٰ کا تہوار جوش وخروش کے ساتھ  منایا گیا۔ نماز بنیادی طور پر سری نگر کی ڈل جھیل کے قریب واقع حضرت بل مسجد میں ادا کی گئی۔
اترپردیش سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست بھر میں عیدالاضحیٰ کا تہوار پرامن طریقے سے منایا گیا۔ لکھنؤ کی عیدگاہ میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ ریاست بھر سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ تہوار بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔
راجستھان میں بھی عیدالاضحیٰ پرامن طریقے سے منائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ عید کی نماز پرامن طریقے سے ادا کی گئی۔
بہار، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور دیگر ریاستوں سے خبریں آئی ہیں کہ تہوار مذہبی اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
صدر دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھر، وزیر اعظم نریندر مودی نے عید الاضحی کے موقع پر ہم وطنوں، خاص کر مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد دی ہے۔
سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں محترمہ مرمو نے کہاکہ "عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر میں اپنے تمام ہم وطنوں، خاص طور پر اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔ یہ تہوار قربانی، ایمان اور بہت سے عظیم آدرشوں کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس پرمسرت موقع پر آئیے ہم سب معاشرے اور ملک کے لیے لگن کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کا عہد کریں۔"
نائب صدر جمہوریہ نے ایکس پر کہاکہ "عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر تمام شہریوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔" انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں قربانی کی طاقت اور سخاوت کی برکات کی یاد دلاتا ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہاکہ "عید الاضحیٰ پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ دعا ہے کہ یہ موقع ہم آہنگی کو تحریک دے اور ہمارے معاشرے میں امن کے تانے بانے کو مضبوط کرے۔"
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے عید الاضحی کے موقع پر مبارکباد پیش کی اورنیک خواہشات کی کہ ملک کے لوگ بھائی چارہ، امن اور خوشحالی سے لطف اندوز ہوں۔

Ads