مولانا مجددی نے ایڈووکیٹ کپل سبل اور ایڈووکیٹ اور راجیہ سبھا رکن ابھیشیک منو سنگھوی سے ان کے دفتر میں ملاقات کرکے مسلمانوں کی طرف سے نہ صرف شکریہ ادا کیا بلکہ شکریہ کا خط بھی پیش کیا۔ انہوں نے وکیل صاحبان سے کہا کہ آپ حضرات نے جس طرح سے وقف ترمیمی قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں بحث کی اور حکومت کے دلائل کامستحکم دلائل کے ساتھ جواب دئے اس کے لئے ہندوستانی مسلمان آپ دونوں حضرات کے شکریہ گزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں وکیل صاحبان کپل سبل اور ابھیشیک منو سنگھوی سے ہم نے گزارش کی کہ آئندہ بھی آپ ملک کے کمزور طبقات اور خصوصاً مسلمانوں کے لئے لڑائی لڑیں گے اور سپریم کورٹ میں مسلمانوں کے حقوق کا دفاع کریں گے۔
واضح رہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں اور مسلم تنظیموں نے پارلیمنٹ میں منظور شدہ وقف ترمیمی قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ جس پر وکیل کپل سپل، ابھیشیک منوسنگھوی اور سپریم کورٹ کے دیگر سینئر وکیلوں نے وقف ترمیمی قانون کے خلاف زبردست بحث کی تھی۔ سپریم کورٹ نے تین شقوں پر حکم امتناعی جاری کیا تھا اور بحث مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔