Masarrat
Masarrat Urdu

وجے شاہ کا معافی نامہ ناقابل قبول ،ایس آئی ٹی کرنل صوفیہ قریشی کے بارے میں انکے بیان کی تحقیقات کریگی

Thumb

ئی دہلی ،19مئی (مسرت ڈاٹ کام)سپریم کورٹ نے مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ   کے  صوفیہ قریشی کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال  کرنے  کے تعلق سے انکے  معافی نامہ  کوخارج   کردیا اور تین رکنی آئی پی ایس افسروں کی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا  جو وزیرموصوف  کے  صوفیہ قریشی کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کی جانچ کریگی ۔

سپریم کورٹ کے جج سوریہ کانت نے کہاکہ ’’ وزیر موصوف نے جومعافی نامہ پیش کیاوہ تسلی بخش نہیں ہے  کیونکہ انھوں نے  دل سے معافی  نہیں مانگی  ہے ۔کس قسم کی معافی آپ مانگ رہے ہیں معافی کا کوئی مطلب ہوتاہے ۔کچھ لوگ الفاظ کا سہارالیکر اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کرتے ہیں اور کبھی مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہیں ۔‘‘
عدالت نے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا اور اسے 28 مئی تک اپنی رپورٹ پیش کرنے کوکہا۔عدالت نے کہاکہ  اس ٹیم میں ایک خاتون افسربھی ہونی چاہئے ۔عدالت نے انھیں گرفتارکرنے کا حکم نہیں دیا لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ انھیں اپنی حرکت  پر سزا بھگتنا پڑیگی ۔جسٹس سوریہ کانت نے  مزید کہا کہ ’’یہ ہمارے لیے ایک بڑا امتحان ہے ‘‘۔ اسکے ساتھ ہی انھوں نے ریاستی حکومت کوبھی نوٹس جاری کیا۔
آپریشن سندور کے فورا بعد وجے شاہ نے صوفیہ قریشی کے بارے میں کچھ  غیر اخلاقی الفاظ استعمال کیے تھے  جس سے پورے ملک میں وزیرموصوف  کے خلاف  ناراضگی اور غصہ پایاجارہاہے ۔آپریشن سندور کے بارے میں وزارت دفاع  کی طرف سے  کرنل صوفیہ ہی میڈیا کو بریفنگ دے رہی تھیں ۔

Ads