روہت نے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان بدھ کی شام اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا۔ انہوں نے لکھا:"سب کو نمسکار، میں صرف یہ اطلاع دینا چاہتا ہوں کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔ سفید جرسی میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے ایک بڑا اعزاز رہا ہے۔ ان برسوں میں جو محبت اور حمایت ملی، اس کے لیے آپ سب کا شکریہ۔ میں ون ڈے فارمیٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔"
روہت نے گزشتہ سال ہندوستان کی ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد فوری طور پر کرکٹ کے مختصر فارمیٹ (ٹی20) سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔روہت کے اس فیصلے کے بعد، ہندوستان کو آئی پی ایل 2025 کے ختم ہوتے ہی ایک نئے باقاعدہ کپتان کا اعلان کرنا ہوگا، کیونکہ انگلینڈ میں ہندوستان کی پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز 20 جون سے ہیڈنگلے میں شروع ہونے والی ہے۔
جسپریت بمراہ اس وقت ہندوستان کے نائب کپتان ہیں، اور انہوں نے روہت کی غیر موجودگی میں آسٹریلیا میں پہلا اور آخری ٹیسٹ میچ بطور کپتان کھیلا تھا۔
روہت شرما نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 67 میچوں میں 40.57 کی اوسط سے 4301 رنز بنائے ہیں، جن میں ان کے 12 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ روہت کا ٹیسٹ میں سب سے زیادہا سکور 212 رنز ہے۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں دو وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے خلاف 9 نومبر 2013 کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میدان پر کھیل کر کیا تھا۔ اس میچ میں روہت نے 177 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔