اس مہینے کے شروع میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مسز سونیا گاندھی اور مسٹر راہل گاندھی اور دیگر کے خلاف کارروائی کے لیے عدالت میں ایک تازہ شکایت درج کی تھی۔ اس میں متعلقہ افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ 2002 کی دفعہ 44 اور 45 کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
راؤز ایونیو کورٹ کے خصوصی جج (پریوینشن آف کرپشن ایکٹ)، وشال گوگنے، جو اس کیس کی سماعت کر رہے ہیں، نے ملزمان کے خلاف نوٹس جاری کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یہ مقدمہ ینگ انڈین پرائیویٹ لمیٹڈ (وائی آئی ایل) کے ذریعہ اخبار نیشنل ہیرالڈ کے مالک ایسوسی ایٹڈ جنرل پبلک لمیٹڈ (اے جے ایل)، اس کے اخبارات اور اس کے اثاثوں کے حصول میں مبینہ بے ضابطگیوں پر مبنی ہے۔ مسز گاندھی اور مسٹر گاندھی وائی آئی ایل کے بڑے شیئر ہولڈر ہیں۔ 2010 میں وائی آئی ایل نے نیشنل ہیرالڈ کو چلانے والی کمپنی اے جے ایل پر کانگریس کے واجبات کو 50 لاکھ روپے میں خرید لیا تھا اور بعد میں اے جے ایل کے تمام اثاثوں کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔ جس کی قیمت 2000 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ وائی آئی ایل اس ڈیل سے کچھ عرصہ پہلے تشکیل دی گئی تھی، جس میں اکثریتی حصہ ان دو اعلیٰ کانگریس لیڈروں کے پاس ہے۔
ای ڈی اس معاملے کی 2014 سے تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ معاملہ سابق مرکزی وزیر سبرامنیم سوامی کی شکایت کے بعد سامنے آیا تھا۔