تہران، 18 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وزیر دفاع خالد بن سلمان نے جمعرات کی شام کو رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کو دونوں ملکوں کے لیے مفید قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک میں ایک دوسرے کو مکمل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
رہبر انقلاب نے فرمایا کہ بعض عناصر اور طاقتیں تہران اور ریاض کے تعلقات کی دشمن ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ان دشمنانہ ارادوں پر غلبہ حاصل کیا جائے جس کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران مکمل طور پر تیار ہے۔
آپ نے مختلف شعبوں میں ایران کی قابل دید ترقی کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ان شعبوں میں سعودی عرب کی مدد کرنے کی مکمل آمادگی رکھتا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے زور دیکر فرمایا کہ علاقے کے برادر ممالک کا باہمی تعاون، دوسروں پر تکیہ کرنے سے کہیں بہتر ہے۔
اس ملاقات کے دوران جس میں ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری بھی موجود تھے، خالد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب بھی تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ دوطرفہ مذاکرات کے نتیجے میں، سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ فروغ پائیں گے۔
خالد بن سلمان نے اس موقع پر سعودی عرب کے بادشاہ کا پیغام بھی رہبر انقلاب اسلامی کو پیش کیا۔