Masarrat
Masarrat Urdu

صدر ٹرمپ کا بڑا یوٹرن ، اسمارٹ فونز اور کمپیوٹرز ٹیرف سے مستثنیٰ قرار

  • 14 Apr 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن ، 14 اپریل (مسرت ڈاٹ کام)  صدر ٹرمپ نے بڑا یوٹرن لیتے ہوئے اسمارٹ فونز، کمپیوٹرز کو ٹیرف سے مستثنیٰ قرار دے دیا, اس اقدام سے ملک کی بڑی ٹیک کمپنیز کو فائدہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق چین اورامریکہ کے درمیان ٹیرف جنگ کی شدت میں کچھ کمی آئی ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے کئی الیکٹرانک آلات کو ایک سو پینتالیس فیصد ٹیرف میں چھوٹ دے دی، جس کے مطابق پانچ اپریل سے امریکہ پہنچنے والی یا گوداموں سے نکالی جانے والی مخصوص الیکٹرانک مصنوعات پر ٹیرف لاگو نہیں ہوگا۔
اسمارٹ فونز، کمپیوٹر مانیٹرز، مختلف الیکٹرانک پرزہ جات، ہارڈ ڈرائیوز، لیپ ٹاپس اور کمپیوٹر آلات ٹیرف سے مستثنیٰ مصنوعات میں شامل ہیں۔
یوایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن نوٹس میں بتایا گیا ہےکہ اسمارٹ فونز، لیپ ٹاپس، میموری چپس اوردوسرے آلات اس ٹیرف سے مستثنیٰ ہوں گے۔
امریکی انتظامیہ کے اس اقدام سے ملک کی بڑی ٹیک کمپنیز نویڈا، ڈیل، ایپل اوران جیسے دوسرے ادارے کو فائدہ ہوگا، جو اپنے فونز، کمپیوٹرزاورلیپ ٹاپس کیلئے پرزہ جات چین میں تیارکرواتے ہیں۔
ایپل اور ڈیل نے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، اس اقدام سے چین کے علاوہ بھی دوسرے ممالک کےمخصوص الیکٹرانک آلات دس فیصد ٹیرف کی بیس لائن سے نکل گئے ہیں۔
تائیوان سے منگوائے جانے والے سیمی کنڈکٹرز اور انڈیا سے بھی سامان کی درآمد میں ریلیف ملا ہے، جس سے ایپل فونزکی درآمدی قیمت میں کمی آئے گی۔
ویب بش سیکیورٹیزکے تجزیہ کار ڈین آئیویس نے اس اقدام کو ہفتے کی سب سے اہم خبر قرار دیا ہے۔
دوسری جانب چین نے الیکٹرانک اشیا میں چھوٹ کو چھوٹا سا اقدام قرار دیا ہے، چینی وزارت تجارت کے مطابق امریکا اپنی غلطیوں کو ٹھیک کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھائے، واشنگٹن اپنے غلط طرز عمل کو ٹھیک کرکے باہمی احترام کے درست راستے پر آئے، جوابی ٹیرف کے غلط طرز عمل کو مکمل طور پر منسوخ کرے۔

Ads