Masarrat
Masarrat Urdu

دشمن اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی سے مایوس اور خوف زدہ ہے، رہبر معظم انقلاب

Thumb

تہران، 14 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) رہبر معظم انقلاب نے مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ زیادہ سے زیادہ تیاری کو برقرار رکھنا اور ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر کے میدان میں صلاحیتوں کو اپ گریڈ کرنا ضروری ہے، دشمن اسلامی جمہوریہ کی ترقی سے مایوس اور خوف زدہ ہے۔

مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب آیت اللہ خامنہ ای نے ملک کی مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں سے ملاقات کے دوران فرمایا کہ زیادہ سے زیادہ تیاری کو برقرار رکھنا اور ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر کے میدان میں صلاحیتوں کو اپ گریڈ کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن اسلامی جمہوریہ کی ترقی سے مایوس اور گھبرایا ہوا ہے۔ہمیں اپنی کوتاہیوں کے ساتھ ساتھ ترقی کے پہلووں کو بھی دیکھنا چاہئے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے فوج کو کسی بھی جارح کے مقابلے میں ملک کا سکیورٹی حصار اور قوم کی پناہ گاہ قرار دیتے ہوئے اس قومی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ آمادگی اور ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کے میدان میں ترقی پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی نے ایران کے بدخواہوں کو  مایوس کر دیا ہے، البتہ معاشی شعبے میں کمزوریاں ہیں جن پر بلاشبہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

اس ملاقات میں آیت اللہ خامنہ ای نے مسلح افواج کی ہارڈ ویئر کی تیاری پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہارڈ ویئر کے میدان میں آمادگی کے ساتھ ساتھ سافٹ ویئر کے محاذ یعنی اپنے مقصد اور مشن پر ایمان اور اس راستے کے درست ہونے پر یقین بہت اہم ہے۔

انہوں نے اسلامی نظام  اور ملک کی خود مختاری کو دشمنوں کے عناد کی وجہ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ دشمن کو جو چیز حساس بناتی ہے وہ اسلامی جمہوریہ کا نام نہیں ہے، بلکہ ایک مسلمان ملک کی عوامی خواہش ہے کہ جو خودمختاری اور قومی تشخص پر زور دیتے ہوئے قومی وقار کے لیے دوسروں پر بھروسہ نہ کرے، یہی چیز  ان کے غصے کا باعث بنی ہے۔

رہبر معظم انقلاب  نے مغرب کے شدید اور تباہ کن قسم کے ہتھیاروں سے لیس ہونے جب کہ دوسروں کو دفاعی پیشرفت کی اجازت نہ دینے کے دوہرے طرز عمل کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ  مسلح افواج میں یقین، ایمان، ارادہ، ہمت اور خدا پر بھروسہ اس حد تک موجود ہونا چاہیے کیونکہ جن افواج کے پاس طاقت کے یہ عناصر نہیں تھے وہ شکست کھا چکی ہیں۔

انہوں نے سافٹ ویئر کے میدان میں آمادگی کے لئے ایرانی براڈکاسٹنگ کارپوریشن اور ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں سمیت مختلف شعبوں کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ خوش قسمتی سے آج ملک نہ صرف ہارڈ ویئر کی تیاری کے لحاظ سے ماضی کی نسبت بہت آگے ہے اور اسی طرح سافٹ ویئر کے میدان میں بھی بہت ترقی کی ہے، جس کی ایک مثال ہزاروں غیرت مند نوجوانوں کا ان شعبوں میں خدمات انجام دینے کا  ناقابل بیان اور ایمان افروز جذبہ ہے۔

رہبر نقلاب نے مسلح افواج اور ان کے اہل خانہ کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے مشن کی تکمیل میں افواج کا ساتھ دینے والے خاندانوں کے غیر معمولی کردار کو سراہا۔

اس ملاقات کے آغاز میں ایران کے آرمی چیف جنرل باقری نے خطے کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے بارے میں عالمی بیداری اور صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف غزہ اور لبنان کے عوام کی تاریخی مزاحمت کو سراہا۔

انہوں نے دفاع اور ڈیٹرنس کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، جدید عسکری آلات اور ہتھیاروں کی تیاری، متعدد اعلیٰ معیار کی مشقوں کے انعقاد، مسلح افواج کی آمادگی اور سفارت کاری کے میدان میں مکمل ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا: مسلح افواج عوام کی حمایت سے پوری طرح تیار ہیں اور ایران کے دشمنوں کے مذموم مقاصد اور ناپاک منصوبوں کو خاک  میں ملا دیں گی۔

 

Ads