Masarrat
Masarrat Urdu

پنجاب کنگز نے چنئی سپر کنگز کو 18 رنز سے ہرایا

Thumb

ملاں پور، 8 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) پریانش آریہ کی سنچری (103)، ششانک سنگھ (52 ناٹ آؤٹ) اور مارکو جانسن (ناٹ آؤٹ 34) کے بعد شاندار گیند بازی کی بدولت پنجاب کنگز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے 22ویں میچ میں منگل کو چنئی سپر کنگز کو 18 رنز سے شکست دی۔ یہ پنجاب کی چار میچوں میں تیسری جیت ہے۔ وہیں چنئی سپر پانچ میچوں میں چوتھی شکست کے ساتھ نویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔

220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چنئی سپر کنگز کے اوپنرز راچن رویندرا اور ڈیون کونوے نے مستحکم آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 61 رنز جوڑے۔ گلین میکسویل نے ساتویں اوور میں راچن رویندرا کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ راچن رویندرا نے 23 گیندوں میں 36 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں لوکی فرگوسن نے کپتان روتوراج گائیکواڑ (1) کو آؤٹ کر کے چنئی کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد شیوم دوبے بیٹنگ کے لیے آئے اور ڈیون کونوے کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 89 رنز کی شراکت ہوئی۔ 16ویں اوور میں لوکی فرگوسن نے شیوم دوبے کو آؤٹ کر کے پنجاب کو تیسری کامیابی دلائی۔ شیوم دوبے نے 27 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔ چنئی کی میچ جیتنے کی امیدوں کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب ڈیون کونوے 18ویں اوور کی پانچویں گیند پر ریٹائر ہو گئے۔ ڈیون کونوے نے 49 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔ یش ٹھاکر نے 20ویں اوور کی پہلی گیند پر ایم ایس دھونی (27) کو 12 گیندوں پر آؤٹ کر کے پنجاب کو ایک بڑی کامیابی دلائی۔ چنئی سپر کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر صرف 201 رنز بنا سکی اور 18 رنز سے میچ ہار گئی۔ رویندر جڈیجہ (نو) اور وجے شنکر (دو) ناٹ آؤٹ رہے۔
پنجاب کنگز کی جانب سے لوکی فرگوسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ گلین میکسویل اور یش ٹھاکر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے آج پنجاب کنگز کے کپتان شریاس ایر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آتے ہوئے پنجاب کنگز کی شروعات اچھی نہیں تھی اور دوسرے ہی اوور میں پربھسمرن سنگھ (0) کی صورت میں اپنی پہلی وکٹ گنوادی۔ وہ مکیش چودھری کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔ اگلے ہی اوور میں خلیل احمد نے کپتان شریاس ایر (نو) کو آؤٹ کرکے پنجاب کو دوسری کامیابی دلائی۔ اس کے بعد خلیل احمد نے پانچویں اوور میں مارکس اسٹوئنس (چار) کی وکٹ حاصل کی۔ نہال ودھیرا (نو) اور گلین میکسویل (ایک) کو آر اشون نے آؤٹ کیا۔ اس دوران پریانش آریہ ایک اینڈ پکڑے ہوئے تیزی سے رنز بناتے رہے۔ انہوں نے ششانک سنگھ کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 71 رنز جوڑے۔ 14ویں اوور میں نور احمد نے پریانش کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ پریانش نے 42 گیندوں میں نو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے سنچری (103) بنائی۔ پنجاب کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 219 رنز بنائے۔ ششانک سنگھ نے 36 گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے (52 ناٹ آؤٹ) رنز بنائے۔ مارکو جانسن نے 19 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 34 رنز بنائے۔
چنئی سپر کنگز کی جانب سے خلیل احمد اور آر اشون نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ نور احمد اور مکیش چودھری نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

Ads