تہران، 17 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزیر خارجہ نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں بیرونی طاقتوں کے دباؤ میں آنے کے بجائے غیرجانبدارانہ، شفاف اور پیشہ ورانہ مؤقف اختیار کرے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رفائل گروسی نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی اور ایران اور ایجنسی کے درمیان جاری تعاون اور فنی روابط کے موجودہ حالات اور مستقبل کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
عراقچی نے اس موقع پر ایرانی موقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ ایران بین الاقوامی قانونی دائرہ کار میں ایجنسی سے تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے عالمی ایجنسی پر زور دیا کہ وہ کسی بیرونی طاقت کے غیر منصفانہ دباؤ میں آئے بغیر اپنی پیشہ ورانہ اور فنی ذمہ داریاں انجام دے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایجنسی سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کی پرامن ایٹمی تنصیبات کے خلاف بڑھتے ہوئے خطرات کے حوالے سے واضح اور دوٹوک مؤقف اپنائے۔
اس موقع پر گروسی نے تہران کے دورے کا موقع فراہم کیے جانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ایران اور ایجنسی کے درمیان تعاون کے تسلسل اور مختلف فریقین سے مشاورت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ موجودہ مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان شروع ہونے والی بالواسطہ بات چیت کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات مثبت اور نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔