Masarrat
Masarrat Urdu

ممبئی انڈینس نے گجرات جائنٹس کو نو رنز سے شکست دی

Thumb

ممبئی 10 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) کپتان ہرمن پریت کور (54) اور نیٹ سکیور برنٹ (38) کی اننگز کے بعد امیلیا کیر (تین وکٹ)، ہیلی میتھیوز اور شبنم اسمٰعیل (ایک ایک وکٹ) کی عمدہ بولنگ کی بنیاد پر ممبئی انڈینس نے ڈبلیو پی ایل کے 19ویں میچ میں پیر کو گجرات جائنٹس کو نو رنز سے شکست دی۔ یہ ممبئی کی گجرات پر لگاتار چھٹی جیت ہے۔

180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گجرات جائنٹس کی شروعات انتہائی خراب رہی اور 54 کے اسکور پر اس کی چار وکٹیں گر گئیں۔ بیتھ مونی (سات)، کاشوی گوتم (10)، ایشلے گارڈنر (صفر) اور ہرلین دیول (24) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اسماعیل نے 11ویں اوور میں فوبی لیچ فیلڈ (22) کو بولڈ کیا۔ امیلیا کیر نے 14ویں اوور میں ڈینڈرا ڈوٹن (10) کو بولڈ کیا۔ امیلیا کیر نے 17ویں اوور میں بھارتی پھولمالی کو آؤٹ  کرکے گجرات کو بڑا جھٹکا دیا۔ بھارتی پھولمالی نے 25 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں آٹھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ 20ویں اوور میں ہیلی میتھیوز نے تنوجا کنور (10) کو رن آؤٹ کرنے کے بعد سمرن شیخ (18) کو بولڈ کرکے میچ جیتنے کی گجرات کی امیدوں کو بڑا جھٹکا دیا۔ ممبئی انڈینز کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے گجرات جائنٹس کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 170 رنز ہی بنا سکی اور میچ نو رنز سے ہار گئی۔
ممبئی انڈینز کی جانب سے امیلیا کیر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ شبنم اسماعیل اور ہیلی میتھیوز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سنسکرت گپتا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج گجرات جائنٹس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آنے والی ممبئی کی شروعات اچھی نہیں رہی اور امیلیا کیر (پانچ) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد ساتویں اوور میں پریا مشرا نے ہیلی میتھیوز (27) کو آؤٹ کر کے ممبئی کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ہرمن پریت کور نے نیٹ سکیور برنٹ کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ ان دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت ہوئی۔ 14ویں اوور میں ایشلے گارڈنر نے نیٹ سکیور برنٹ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ نیٹ سکیور برنٹ نے 31 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ امنجوت کور (27) اور یاستیکا بھاٹیہ (13) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ تنوجا کنور نے 20ویں اوور کی دوسری گیند پر ہرمن پریت کور کو آؤٹ کیا۔ ہرمن پریت کور نے 33 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی جس میں نو چوکے لگائے۔ ممبئی انڈینز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔گجرات جائنٹس کی جانب سے تنوجا کنور، کاشوی گوتم، پریا مشرا اور ایشلے گارڈنر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

Ads