Masarrat
Masarrat Urdu

بی جے پی نے دہلی میں حکومت بنانے کا عمل شروع کر دیا

Thumb

نئی دہلی، 9 فروری (مسرت ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت نے آج دہلی قومی راجدھانی علاقہ کی نئی حکومت کے قیام کے بارے میں ٖغور و خوض شروع کر دیا۔

دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ اور کابینہ کے ارکان کے ناموں پر غور کرنے کے لیے آج مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ ہوئی جس میں بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ میں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ بلانے اور مرکزی مبصر کا فیصلہ کرنے پر بھی بات چیت ہوگی۔
دریں اثنا، بی جے پی کی دہلی ریاستی یونٹ کے صدر وریندر سچدیوا نے اتوار کی شام پارٹی کے نو منتخب اراکین اسمبلی کی میٹنگ بلائی ہے۔ مسٹر سچدیوا ایم ایل اے سے ملاقات کریں گے اور انہیں مبارکباد دیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ پارٹی 27 سال بعد دہلی میں 48 سیٹیں جیت کر اقتدار میں واپس آئی ہے۔ اس جیت کے بعد پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں میں جوش و خروش کا ماحول ہے۔ پارٹی کے جیتنے والے امیدوار اپنے اپنے علاقوں میں جلوس نکال رہے ہیں۔
                      دریں اثنا، نئی دہلی اسمبلی سیٹ پر عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو شکست دینے والے بی جے پی کے جیتنے والے امیدوار پرویش ورما، بیجواسن اسمبلی سیٹ سے پارٹی کے جیتنے والے امیدوار کیلاش گہلوت اور گاندھی نگر اسمبلی سیٹ سے پارٹی کے جیتنے والے امیدوار ارویندر سنگھ لولی نے راج نواس جاکر لیفٹننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے  اتوار کو ملاقات کی۔ مسٹر سکسینہ سے ملاقات کے بعد ان لیڈروں نے کہا کہ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے بشکریہ ملاقات کی ہے۔
اسی وقت مسٹر سچدیوا نے کہا، "دہلی کے لوگوں نے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا ہے۔ وزیراعظم مودی کی قیادت کو ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے منشور میں کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔ ہم دہلی کو ترقی یافتہ ہندوستان کی ترقی یافتہ دارالحکومت بنائیں گے۔

Ads