جمعہ کی شب لاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر شریف نے کہا کہ ہندوستان کو شکست دینا آسان نہیں ہوگا اور پاکستانی ٹیم کو پڑوسی ملک کو کرکٹ کے میدان میں شکست دینے کے لیے اپنی بہترین کارکردگی دینا ہوگی۔ واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا مقابلہ 23 فروری کو دبئی میں ہندوستان سے ہوگا۔
مسٹر شریف نے کہاکہ "ہماری ٹیم بہت اچھی ہے اور اس نے حالیہ دنوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اب ان کے لیے اصل چیلنج نہ صرف چیمپئنز ٹرافی جیتنا ہو گا بلکہ دبئی میں ہونے والے میچ میں اپنے روایتی حریف ہندوستان کو ہرانا بھی ہو گا۔ پاکستان ٹیم کو پورے ملک کی حمایت حاصل ہے۔
سہ فریقی سیریز میں آج پاکستان کا نیوزی لینڈ سے مقابلہ ہے۔ پاکستان نے آخری بار 2021 میں دبئی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہندوستان کو شکست دی تھی۔ پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں بطور دفاعی چیمپئن شرکت کرے گا۔ اس سے قبل وہ 2017 میں انگلینڈ میں منعقدہ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔
شریف نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا موقع ہے کیونکہ ہم تقریباً 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہماری ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں بھی ملک کا سر فخر سے بلند کرے گی۔
قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام 117 دنوں میں مکمل کر لیا گیا۔ اس کی افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ نے بھی حاضرین کو محظوظ کیا۔