Masarrat
Masarrat Urdu

پاکستان : پی ٹی آئی احتجاج میں چار رینجرز اہلکاروں کی موت

Thumb

اسلام آباد، 26 نومبر (مسرت ڈاٹ کام)اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے کے دوران سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی جس سے چار رینجرز اہلکار جاں بحق جبکہ پانچ رینجرز اور دو پولیس کے جوان شدید زخمی ہو گئے۔

مقامی میڈیا پر سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے چلنے والی خبروں مطابق شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اب تک رینجرز کے چار جوان شہید اور پولیس کے دو جوان شہید ہو چکے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں متعدد شدید زخمی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث شاہراہوں اور موٹرویز کی بندش کے باعث پیٹرول کی سپلائی متاثر ہونے سے پمپس بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پیٹرول پمپ مالکان نے حکومت آگاہ کیا ہےکہ لاہور ریجن میں صرف ایک دن کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے، سپلائی بحال نہ ہوئی تو پیٹرول پمپس بند ہو جائیں گے۔
پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات ملک جہانزیب نے ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ریجن میں پیٹرول کی یومیہ ضرورت ایک کروڑ 30 لاکھ لیٹرز ہے، گزشتہ 4 روز سے سپلائی نہیں آئی جس کے باعث بیشتر پیٹرول پمپس نے اپنے ذخیرہ کیے گئے ذخائر استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر اگلے ایک سے 2 روز میں سپلائی بحال نا ہوئی تو اکثر پیٹرول پمپس مکمل طور پر بند ہو جائیں گے۔
ادھر گوجرانوالہ میں پیٹرول کی قلت کے باعث کئی پمپس بند ہو گئے ہیں، گوجرانوالہ ریجن کے 145 پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی میں خلل کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بھی بلا لیا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جبکہ انتشار پھیلانے والوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دے دیے گئے ۔

Ads