Masarrat
Masarrat Urdu

گوٹریس نے لبنان میں اقوام متحدہ کے مبصرین پر حملے کی مذمت کی

  • 31 Mar 2024
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

ماسکو، 31 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے اسرائیل کی سرحد سے متصل لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (UNIFIL) کے تین مبصرین پر حملے کی مذمت کی ہے اور تمام فریقوں کے درمیان بحران کا سفارتی حل نکالنے پر زور دیا ہے۔

مسٹر گوٹریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے یہ اطلاع دی۔
لبنانی میڈیا نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے سرحدی قصبے رامش کے قریب واقع جنوبی گاؤں وادی کتمون میں UNIFIL کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ اس واقعہ میں اقوام متحدہ کے متعدد فوجی مبصرین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ UNIFIL کے ترجمان نے بعد ازاں حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تین فوجی مبصر اور ان کا لبنانی مترجم پیدل گشت کے دوران زخمی ہوئے جب وہ اسرائیل کے ساتھ سرحد پر گشت کر رہے تھے۔ اسرائیلی دفاعی افواج نے لبنان میں UNIFIL گاڑیوں پر حملے کی تردید کی ہے۔
مسٹر دوجارک نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہاکہ  "سیکرٹری جنرل آج ایک آبزرور گروپ لبنان (او جی ایل) کے گشت پر حملے کی مذمت کرتے ہیں جس میں او جی ایل کے تین فوجی مبصرین اور اقوام متحدہ کے آرمسٹس آبزرویشن آرگنائزیشن کے ایک لینگوئج اسسٹنٹ زخمی ہوئے،UNIFIL اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔"
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امن دستوں کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جانا چاہیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسٹر گوٹریس نے تمام فریقوں سے قرارداد 1701 کے مطابق دشمنی کے خاتمے کی مزید خلاف ورزیوں سے گریز کرنے اور بحران کا سفارتی حل تلاش کرنے کا مطالبہ کیا۔
لبنانی شیعہ تنظیم حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان اکتوبر 2023 سے باقاعدہ فضائی حملے جاری ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف فوجی آپریشن کے اعلان کے بعد علاقے میں صورتحال ڈرامائی طور پر بگڑ گئی جب فلسطینی تحریک مزاحمت نے اچانک حملہ کرکے سینکڑوں افراد کو اغوا کرلیا تھا۔
 

Ads