واشنگٹن، 24 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) امریکی مسلح افواج نے شام میں ایک امریکی کنٹریکٹر کی موت پرجوابی کارروائی کرتے ہوئے ایران کے اسلامی ریولیوشنری گارڈز کارپس (آئی آرجی سی) سے وابستہ گروپوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔
امریکی محکمہ دفاع نے کہا کہ اس سے پہلے دن میں، ایک ایرانی نژاد ڈرون نے شمال مشرقی شام میں حسقہ کے قریب اتحادی فوج کی بحالی کے مرکز پر حملہ کیاتھا، جس میں ایک امریکی کنٹریکٹر کی موت ہوگئی تھی۔
مسٹر آسٹن نے کہا، "امریکی صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر، میں نے ایران کے اسلامک ریولیوشنری گارڈز کارپس سے وابستہ گروپوں کے ٹھکانوں پرآج رات امریکی سینٹرل کمانڈ کی افواج کو مشرقی شام میں درست فضائی حملے کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فضائی حملے آئی آرجی سی سے وابستہ گروپوں کی جانب سے شام میں اتحادی افواج پر حالیہ حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا کہ شام میں اتحادی افواج پر حملے میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک اور پانچ امریکی اہلکار اور ایک اضافی امریکی کنٹریکٹر زخمی ہو گئے۔