231 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کی خواتین انڈر 19 ٹیم ہندوستانی گیندبازی کے سامنے ٹک نہیں سکی اور اس کی پوری ٹیم 15.3 اوور میں محض 124 رن پر سمٹ گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے فیتھ ٹیکاسنگھ نے سب سے زیادہ 58 رن بنائے۔ ان کے علاوہ برائیونی گلگراس نے 18، ایوا کلائیو نے 14 اور فلورا ڈیوس نے 14 رن کی اننگز کھیلی۔ باقی سات بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ 16ویں اوور کی تیسری گیند پر میتری منیار نے وِنالی ویراپولی (صفر) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو 106 رن سے کامیابی دلادی۔ ہندوستان کی جانب سے میتری منیار، پوروا سیواچ اور اوما کاشوی نے دو، دو وکٹ لیے، جبکہ ندھی مہتو اور انادی تگڑے نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے آج یہاں ہندوستانی خواتین انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ دیا یادو اور ایشوری اوسرے کی سلامی جوڑی نے تیزی سے رن بناتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 40 رن جوڑے۔ ماریا اینڈریوز نے ایشوری اوسرے (18) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد سشری پٹیل نے ایرا جادھو (10) اور کپتان بھاویکا اہیرے (صفر) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو مشکل میں ڈال دیا۔
مشکل وقت میں اکشاہ پرمار نے دیا یادو کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بھی بنائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے 104 رن کی سنچری شراکت ہوئی۔ 17ویں اوور میں برائیونی گلگراس نے سنچری کی جانب بڑھ رہی دیا یادو کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ دیا یادو نے 49 گیندوں پر 12 چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے 87 رن بنائے۔ اوما کاشوی 15 رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ ہندوستانی خواتین انڈر 19 ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ پر 230 رن کا بڑا اسکور بنایا۔
